کارٹون فلموں کے ذریعے کان حادثوں کو روکنے کی پہل - کول انڈیا منیجمنٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-24

کارٹون فلموں کے ذریعے کان حادثوں کو روکنے کی پہل - کول انڈیا منیجمنٹ

کول انڈیا منیجمنٹ نے کان حادثوں کو کم کرنے کیلئے اب کارٹون فلموں کاسہارالیاہے۔ ٹان اینڈ جیری، چھوٹا بھیم،ڈوری مان جیسی کارٹون فلمیں بچوں مٰں کافی مقبول ہیں اور اس سے بچے نصیحت بھی پاتے ہیں۔ اب انہیں کی مدد سے کان حادثوں کوکم کرنے بیداری مہم چلانے کی پہل ہورہی ہے۔ کول انڈیا منیجمنٹ نے اس سلسلے میں فیصلہ کیا ہے کہ ملک کی نامور پروڈکشن کمپنی کو کارٹون فلمیں تیار کرنے کا ذمہ سونپا گیاہے۔ کول انڈیا سیفٹی بورڈ نے بھی اس پر اپنی مہر لگادی ہے۔ سیفٹی سے جڑے جنرل منیجر اسے انتہائی کارگر اقدامات کے طورپر دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کارٹون کے ذریعہ کسی بھی سنجیدہ موضوع کو آسانی سے مزدوروں تک پہنچایاجاسکتاہے۔ کول انڈیا کی سبھی یونٹوں میں ان کارٹون فلموں کو دکھایاجائے گا۔ یہ بھی بتایاجائے گاکہ جن غلطیوں کی وجہ سے یہ حادثے ہوئے ہیں انہیں مستقبل میں دہرایا نہ جائے۔ کول سیفٹی بورڈ بھی اس سے متفق ہیں۔ کول انڈیا منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ کارٹون فلم کان تحفظ سے وابستہ مہم کا ایک حصہ ہے۔ ابھی نکڑ ناٹک، ڈرامہ، سلائڈشو اور فلموں کے ذریعہ تحفظ کی اہمیت کو بتایاجارہاہے۔ یہ اب بھی رہیں گی لیکن کارٹون ایک الگ طرح کا ذریعہ ہوگا۔ اس کے ذریعہ آسانی سے تحفظ جیسے حساس مسائل کو اٹھایاجاسکے گا۔ کان حادثوں پر کالا پتھر، کالکاجیسی کچھ گنی چنی فلمیں بھی بنی ہیں۔ اب کارٹون کے ذریعہ ای سی ایل کی مہابیری کولیری، نیوکیندا کولیری، بی سی سی ایل کی گجلی ٹانڈ، باگ ڈیگی اور چاسنالہ جیسے کان حادثوں پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ تاکہ مزدور یہ جان پائیں کہ کان میں پانی بھرنے یا آگ لگنے سے ہونے والے حادثے کتنے خوفناک ہوتے ہیں۔ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اس طرح کی کوششوں سے تحفظ کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں