حیدرآباد کو کیبل فری سٹی بنانے کے اقدامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-27

حیدرآباد کو کیبل فری سٹی بنانے کے اقدامات

گریٹر حیدرآبا دمیونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر حیدرآباد "کیبل فری سٹی" بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت سے بھی منظوری حاصل کرلی گئی ہے ۔ محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے ایک جی او جاری کرتے ہوئے انڈر گراؤنڈ کیبلنگ کے کاموں کاجائزہ لینے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ کمشنر بلدیہ کرشنا بابو اس کمیٹی کی قیادت کررہے ہیں۔ کمیٹی کااجلاس گذشتہ دنوں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے ایک رکن کے مطابق کمیٹی کے ارکان نے چینائی کا بھی دورہ کرتے ہوئے وہاں پر جو انڈر گراؤنڈ کیبلنگ کی گئی ہے اس کاجائزہ لیاگیا۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلہ کے تحت250 کیلو میٹر پر محیط سڑکوں کے اوپر کھمبوں پر جوکیبل ہیں انہیں زیر زمین کیاجائے گا۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد میٹروریل کے عہدیداروں کے ساتھ عنقریب ایک مشترکہ اجلاس بھی منعقد کیاجائیگا۔ پہلے مرحلہ کے تحت حیدرآباد میٹروریل کی جو روٹ ہے اس پر تیزی سے یہ کام کئے جائیں گے۔ کمیٹی پہلے مرحلہ کے اخراجات کا تخمینہ لگانے میں مصروف ہے اس کے علاوہ مشاورت کیلئے ایک ایجنسی کی خدمات بھی لی جارہی ہے اس کمیٹی میں جی ایچ ایم سی، حیدرآباد میٹرو ریل اور محکمہ آبرسانی ومحکمہ عمارات و شوارع کے عہدیدار بھی ہیں جو یہ پراجیکٹ شروع کرنے سے پہلے اس کا ڈیزائن اور فنی تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لے کر حکومت کو ایک رپورٹ دیں گے۔ عہدیداروں کاکہنا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن کے سلسلہ میں مرکزی حکومت نے پہلے کی متعدد اقدامات کئے ہیں۔ وائرلیس انٹرنیٹ اور کیبل کے استعمال میں اضافہ ہوگیاہے۔ اس سے شہری علاقوں کوکیبل فری بنانے میں بہت آسانی ہوگی۔ آنے والے5 سالوں میں حیدرآباد میں یہ کام مکمل کرلیاجائے گا۔

Steps to create a cable-free Hyderabad city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں