اردو کو اس کا کھویا مقام دلانے حکومت کوشاں - وزیر فروغ انسانی وسائل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-24

اردو کو اس کا کھویا مقام دلانے حکومت کوشاں - وزیر فروغ انسانی وسائل

میں اردو کے مزید فروغ کا خواہاں ہوں - ڈاکٹر پلم راجو
وزیر برائے فروغ انسانی وسائل ڈاکٹر ایم ایم پلم راجو نے کل ہند اردو کتاب میلے کا دورہ کیا
کل ہند اردو کتاب میلے کا اختتام

دنیا میں بولی جانے والی زبانوں میں چوتھا مقام اردو کا آتا ہے۔ اردو ایک تہذیب ہے۔ اردو کا وسیع لٹریچر موجود ہے۔ اردو کی ایک عظیم تاریخ ہے۔ اردو زبان میں تمام مضامین پڑھائے گئے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم اور یونیورسٹی کی سطح کی تعلیم بھی اس زبان میں ہوئی ہے۔ اس عظیم زبان کو اپنا کھویا ہوا مقام دِلانے کے لیے وزارتِ فروغ اِنسانی وسائل ہرممکنہ کوشش کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار بنگلورکے چھوٹا میدان میں منعقد اْردو کتب میلے میں21ستمبر کو محبانِ اردو سے خطاب کرتے ہوئے وزیربرائے فروغِ انسانی وسائل مسٹرپلم راجونے کیا۔
وزیرموصوف نے اردو کتب میلے میں اپنی خوشی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پہلا موقع ہے کہ میں ایک عظیم الشان اردو کتب میلے میں شریک ہوا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ اردو کو زیادہ سے زیادہ فروغ حاصل ہو۔ آئندہ سال UNESCO کی جانب سے Calligraphy کی ایک نمائش ’پیرس‘ (فرانس) میں ہونے جارہی ہے ہم چاہتے ہیں کہ ہماری وزارت کی جانب سے اردو خطاط کو بھیجا جائے۔‘
اس موقع پر اردو اکاڈمی دہلی کے وائس چیرمین پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ کتب میلے کے انعقادکامقصد عوام الناس اور اردوداں طبقے کو اردو لٹریچر سے متعارف کروانا ہے۔ انھوں نے ہندوستانی کلچر میں اردو کے عنصر کو واضح کیا۔
اس موقع پر کتب میلے میں حصہ لینے والوں کو انعامات سے بھی نوازاگیا۔ جن ناشرین کو اعزازات سے نوازا گیا اْن میں بہترین نمائش کے لیے الحسنات بکس پرائیوٹ لمٹیڈدہلی ہے۔ جب کہ بہترین سیلس کے زمرے کے تحت بھارت سیوک فاؤنڈیشن دہلی اور بہترین کلیکشن کے لیے ادارہ کتاب الشفا دہلی کو نوازا گیا۔
ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین نے وزیر موصوف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قومی کونسل نے کرناٹک اردو اکاڈمی کے تعاون سے شاندار اور کامیاب اردو کتب میلے کا انعقاد کیا۔
اردو کتب میلے کی شکل میں جاری، اردو کا جشن پورے آب و تاب کے ساتھ22ستمبر کو اختتام پذیر ہوا۔ آخری دن اردو کتابوں کے شائقین بڑی دلچسپی کے ساتھ اپنی پسندیدہ کتابوں کو منتخب کرتے ہوئے نظر آئے۔ کتب میلے کے کامیاب انعقاد پر ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ڈاکٹر خواجہ محمداکرام الدین نے شہریانِ بنگلور، صحافیوں، اخبارات کے مالکان، میلہ میں شرکت کرنے والے ناشرین، مختلف اردو اداروں کے ذمے داران، مقامی لیڈران اور فنکاروں کا تہہ دِل سے شکریہ ادا کیا ۔
کتب میلے کے اختتامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے رکن جناب مولاناعلیم الدین اسعدی و جناب عبیداللہ شریف رُکن قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے بھی تمام حضرات کا شکریہ ادا کیا۔
اس15ویں کل ہند کتب میلے کے میڈیاانچارج ڈاکٹرشاہداختر انصاری نے حاضرین کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک میڈیا و پرنٹ میڈیا کے تمام حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

(رابطہ عامہ سیل)

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں