شام پر حملہ کا نتیجہ علاقائی جنگ - بشارالاسد کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-04

شام پر حملہ کا نتیجہ علاقائی جنگ - بشارالاسد کا انتباہ

صدر شام بشارالاسد نے خانہ جنگی کے شکار ملک کے خلاف فوجی کاروائی کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ امریکی حملہ، علاقائی جنگ کا پیش خیمہ ہوگا۔ دریں اثناء شام کے خلاف فوجی کاروائی سے متعلق کانگریس کی منظوری حاصل کرنے سے قبل2مقبول ومعتبر سنٹرس نے صدر بارک اوباما کی تائید کا اعلان کردیاہے۔ بشارالاسد نے کہاکہ حملہ کے نتیجہ میں انتہا پسندی اور شورش میں اضافہ ہوگا۔ امریکہ اور اس کے حلیفوں کی جانب سے حملہ کے نتیجہ میں صورتحال پر کسی کا بھی قابو برقرار نہیں رہے گا۔ گیس کا پیپ پھٹتے ہی علاقائی جنگ کا خطر سرپرمنڈلانے لگے گا اور حالات قابو سے باہر ہوجائیں گے۔ فرانسیسی اخبار لی فگاریو کے ساتھ بات چیت کے درمیان انہوں نے کہاکہ فرانس کو بھی شام کے خلاف فوجی کاروائیوں میں ملوث ہونے کے نتائج پر غور کرلینا چاہئے۔ بشار الاسد نے صاف الفاظ میں کہا کہ رد عمل کا اظہار یقینی ہے اور فرانسیسی مفادات پر منفی اثرات بلاشبہ مرتب ہوں گے۔ بشار الاسد نے یہ دھمکی ایسے وقت دی ہے کہ فرانس پوری طرح سے امریکی حملہ کا شراکت دار بننے تیار ہے ۔ بے قصور اور نہتے عوام کے خلاف مبینہ گیس(کیمیائی ہتھیار) کے استعمال کو جواز بناکر حملہ کی تیاریاں ہورہی ہیں اور امریکہ نے اس حملہ میں1400افراد کو ہلاک کرنے کا الزام بشار الاسد حکومت پر عائد کیاہے۔ شام نے21اگست کے گیس حملہ میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں