سرینگر میں ذوبین مہتا کا سحر انگیز موسیقی پروگرام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-08

سرینگر میں ذوبین مہتا کا سحر انگیز موسیقی پروگرام

Zubin Mehta concert enthralls Kashmir
عالمی شہرت یافتہ ہندوستانی نژاد مغربی موسیقار ذوبین مہتا کا سحر انگیز موسیقی پروگرام آج شام یہاں پر فضا ڈل جھیل کے کنارے شالیمار گارڈنس میں شاندار پیمانہ پر منعقد ہوا۔ ذوبین مہتا نے مقبول ترین مغربی کلاسیکی موسیقی نغمات اور دھنوں کو پیش کرتے ہوئے سامعین کومسحور کردیا۔ 400سالہ قدیم مغل گارڈن (شالیمار گارڈنس)‘چنار کے اپنے پرکشش درختوں کے سبب بڑا دلکش منظر پیش کررہاتھا۔ ذوبین مہتا نے اپنے مکمل آرکسٹرا کے ساتھ شائقین موسیقی کے دل موہ لئے۔ انہوں نے 1500خصوصی مدعوئین کے سامنے اپنے فن کا جادو جگایا۔ ذوبین مہتا نے ابھئے سوپوری کے ٹروپ کے ساتھ اس موسیقی ریز پروگرام کی ہدایت کاری کی۔ ٹروپ نے روایتی کشمیری آلاتِ موسیقی بجاکر سماں باندھ دیا۔ اس موسیقی ریز پروگرام (کنسرٹ)کو’’احساسِ کشمیر‘‘ کا نام دیاگیاتھا۔ بعض علیحدگی پسندوں اور سیول سوسائتی کے بعض ارکان نے اس پروگرام کی مخالفت کی تھی۔ اس طرح اس پروگرام میں ایک سیاسی رنگ بھی شامل ہوگیاتھا۔ علیحدگی پسندوں اور سیول سوسائٹی کے ارکان کا احساس تھا کہ پروگرام، کشمیر میں امن کی ایک تصویر پیش کرنے کی کوشش ہے جبکہ کشمیر میں حالیہ دہوں میں بہت خونریزی دیکھی گئی ہے ۔ سخت گیر علیحدہ پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی کی اپیل پر آج شہر کے بیشتر حصے بند رہے۔77سالہ ماہر موسیقی ذوبین مہتا نے ہندی میں دو بار یہ جملہ ادا کرتے ہوئے کہ ’’ہم بہت خوش ہیں، ہم بہت خوش ہیں‘‘ اس پروگرام کا آغاز کیا اور کہاکہ’’میں نے اس خواب کی تعبیر اور اس لمحہ کیلئے برسوں انتظار کیاہے۔‘‘ ذوبین مہتا نے ہندی میں کہاکہ ’’اگلی بار سے تو یہ سب مفت ہونا چاہئے۔ میوزک سب کیلئے ہونا چاہئے اور یہ (موسیقی)صرف چند منتخبہ شخصیتوں کیلئے نہیں ہونی چاہئے۔ ہم صرف بھلائی کے کام کرنا چاہتے ہیں۔ موسیقی کو یہاں سے ہر جگہ ہمارے تمام دوستوں تک پہنچانا چاہئے اور تمام کشمیریوں تک پہنچنا چاہئے۔‘‘ چیف منسٹر جموں و کشمیر عمرہ عبداللہ نے اس جشن موسیقی کے موقع پر اپنے خطاب کا آغاز طوطی ہند حضرت امیر خسروؒ کے اس مشہور شعر سے کیا کہ
اگر فردوس برروئے زمین است
ہمین است و ہمین است و ہمین است
انہوں نے کہاکہ شالیمار باغ پھر ایک بار موسیقی کی دھنوں سے گونج اٹھا ہے ۔

'Ehsaas-e-Kashmir': Zubin Mehta's concert enthralls Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں