بنگلور میں کل ہند 15واں اردو کتاب میلہ کا کل سے آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-13

بنگلور میں کل ہند 15واں اردو کتاب میلہ کا کل سے آغاز

bangalore ncpul urdu book fair
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، جو وزارت فروغ انسانی وسائل کے تحت ایک خودمختار ادارہ ہے، کرناٹک اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے اشتراک سے پندرہواں کل ہند اردو کتابی میلہ کا آغاز بنگلور میں14ستمبر کو ہوگا۔ کرناٹک کے وزیر اقلیتی بہبود حج اور اوقاف اتوار کی صبح 8-30بجے اردو کتاب میلہ افتتاح کریں گے۔ شیواجی نگر کے موجودہ رکن اسمبلی آر روشن بیگ، روزنامہ پاسبان کے چیف ایڈیٹر محمد عبیداللہ شریف مہمان خصوصی ہوں گے۔ کتاب میلہ دوپہر12بجے سے رات9بجے تک جاری رہے گا۔ داخلہ مفت ہوگا۔ بنگلور شہر میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا اردو کتابی میلہ منعقد کیاجارہاہے، جس میں ملک کے طول و عرض سے تقریباً50 اہم ناشرین بشمول ریاستی اردو اکیڈمیاں حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر اردو کتابیں فروخت کیلئے پیش کی جائیں گی۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو کی جانب سے نہایت خوبصورت اور دیدہ زیب انداز میں طبع کی گئیں کتابیں بھی فروخت کیلئے پیش کی جائیں گی۔ یہ ادارہ ملک بھر میں اردو کو فروغ دینے اور اردو داں عوام کی خدمات ایک عرصہ سے انجام دیتاآرہاہے۔ کتابی میلہ میں اردو انسائیکلو پیڈیا سے لے کر بچوں کے ادب تک ہر اقسام کی کتابیں دستیاب ہوں گی۔علاوہ ازیں اس کتابی میلہ کے دوران محبانِ اردو کو راغب کرنے کیلئے مختلف قسم کے اردو ثقافتی پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے۔ امید کی جارہی ہے کہ اس پروگرام میں ادبی شخصیات ، اردو اسکالرس، ادیب، شاعر، اساتذہ اور طلباء کثیر تعداد میں حصہ لیں گے۔ یہ میلہ22ستمبر تک جاری رہے گا۔

NCPUL in association with Karnataka Urdu Academy organizing 15th 'All India Urdu Book Fair' between September 14 to September 22.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں