مغربی بنگال میں 13 آئی۔ٹی ہب کی عنقریب تعمیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-15

مغربی بنگال میں 13 آئی۔ٹی ہب کی عنقریب تعمیر

it-hubs-west-bengal
ریاست مغربی بنگال میں آئی ٹی صنعت کی ترقی کے لیے ترنمول حکومت نے تمام اضلاع میں آئی ٹی ہب بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ریاست کے مختلف علاقوں میں کل 13 آئی ٹی ہب بنائے جائیں گے۔ ان تیرہ آئی ٹی ہب میں تین ہارڈ وئر پارک تعمیر کیے جائیں گے۔
اس کی جانکاری ریاستی وزیر صنعت اور ٹریڈ و کامرس آئی ٹی محکمہ پارتھا چٹرجی نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہارڈ وئر پارک کے لیے فالتا میں 42 ایکڑ زمین ، سونارپور میں 57 ایکڑ اور نیہٹی میں 70 ایکڑ زمین لے لی گئی ہے اور ریاستی حکومت نے کل دس صنعتوں کے لیے 182.82 ایکڑ زمین کی منظوری دے دی ہے۔ ہر ہارڈوئر پارک میں تقریباً سات سے آٹھ ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہارڈ وئر پارک کے ساتھ ہی بول پور ، درگا پور ، برجولا ، راجر ہاٹ ، سلی گوڑی ، مالدہ ، کلیانی ، کھڑگپور ، بہالا ، بن تلہ اور پرولیا میں بھی آئی ٹی ہب کی تعمیر کی جائے گی۔ ان میں سے بیشتر آئی ٹی ہب کی تعمیر شروع بھی ہو چکی ہے۔ آئیندہ دو برسوں کے اندر سبھی آئی ٹی ہب کا تعمیری کام مکمل کر لیا جائے گا۔
ریاستی حکومت نے ویبل کے ساتھ مل کر سالٹ لیک میں ڈیزائن سنٹر کی تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی ٹی وزیر نے بتایا کہ ریاست میں آئی ٹی شعبہ کو ڈاٹا کوئسٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بنگال کو ای-ریڈی نس کے لیے ملک میں دوسرا مقام عطا کیا گیا ہے۔ سرٹیفیکٹ کے شعبہ میں آئی ایس او 2000-2001 اور آپریشنل منیجمنٹ کو آئی ایس او 2205-27001 بھی ملا ہے۔

Upcoming IT Hubs and Hardware Parks to boost industries in West Bengal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں