امریکہ دھمکی آمیز لہجے سے باز رہے - ایران - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-19

امریکہ دھمکی آمیز لہجے سے باز رہے - ایران

ایران نے امریکہ سے تہران کے تعلق سے بیانات میں دھمکی آمیز الفاظ ولہجہ سے گریز کا مطالبہ کیاہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان مرضیہ انجم نے امریکی صدر بارک اوباما کے ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ امریکی عزت واحترام کے بجائے ہنوز دھمکی آمیزلہجہ اختیار کررہے ہیں۔ امریکی صدر اکثر ایران کے تعلق سے یہی کہتے رہتے ہیں کہ ایران کو نیوکلیر پروگرام ترک کرنے پر آمادہ کرنے کیلئے سفارتکاری کی راہ اختیار کی جائے گی تاہم تمام متبادلات زیرغور ہیں۔ تمام متبادلات سے امریکہ کا اشارہ فوجی کاروائی کی جانب ہوتاہے انہوں نے ایک ہفتہ وار نیز بریفنگ کے دوران کہاکہ ہم پہلے بھی امریکہ پر واضح کرچکے ہیں کہ دھمکی آمیز لہجہ اور زبان کے بجائے عزت و احترام کا لہجہ اختیار کیاجائے۔ اتوار کو صدر اوباما نے کہاتھاکہ شام کے ساتھ اس کے کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق معاہدہ سے ایران کو سبق حاصل کرناچاہئے۔ ایران بھی اپنے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق سفارتی فائدے اٹھاسکتاہے۔ اے بی سی نیوز کے ساتھ بات چیت کے دوران اوباما نے کہاکہ نیوکلیئر مسئلہ درحقیقت کیمیائی ہتھیاروں سے بہت زیادہ سنگین ہے۔ خاتون ترجمان نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ غیر حقیقی اور غیر منطقی موقف ہرگز نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوگا۔

U.S. should avoid threatening tone - Iran

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں