Raghuram Rajan takes over as 23rd Governor of Reserve Bank of India
بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر معاشیات رگھورام راجن ، جمعرات 5ستمبر کو بحیثیت گورنر ریزروبینک آف انڈیا(آربی آئی) اپنے عہدہ کا جائزہ لیں گے۔ وہ ایک ایسے، یہ جائزہ حاصل کررہے ہیں جب ملک کو روپیئے کی قیمت میں تیزی سے گراوٹ کا سامنا ہے اور اس قیمت میں سدھار کیلئے گویا ایک جنگ نما صورتحال کا سامنا ہے ۔ شرح افراط زر میں اضافہ، شرح نمو میں کمی اور بڑھتا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی ایک چیلنج بنا ہوا ہے ۔50سالہ راجن، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے سابق چیف ماہر معاشیات رہے ہیں۔ انہوں نے وزارت فائنانس میں مشیر معاشی امور کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ وہ ، ڈی سباراؤ سے اپنے عہدہ کاجائزہ حاصل کریں گے جو5سال کی تکمیل پر اس عہدہ سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ راجن نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے ان کے پاس کوئی جادوئی چھڑی نہیں ہے۔ البتہ وہ ان مسائل سے، یکے بعد دیگرے نمٹ لیں گے۔ حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے گورنر آربی آئی، اپنے پیشرو کی بعض پالیسیوں میں تبدیلی لائیں گے۔ سباراؤ نے شرح اطراطزر پر کنٹرول پر بھرپور توجہ دی تھی تاہم سود کی شرحوں میں کمی کی قیمت پر یہ توجہ دی گئی تھی۔ اس سبب گویا حکومت بھی ایک اعتبار سے بے بس نظر آرہی تھی وزارتِ فائنانس میں کل اپنے آخری دن اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجن نے کہاکہ"ہمارے پاس کافی تجاویز ہیں۔ سوال،محض کرنسی کا نہیں ہے، یہ معاملہ مالیاتی شمولیت اور شرح نموکا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ابھی بہت سے اقدامات کرنے ہیں۔ معاشی میدان میں چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ راتوں رات ان امور پر قابو نہیں پایاجاسکتا۔ ہمارے پاس کوئی جادوئی چھڑی نہیں ہے لیکن بلاشبہ بہت سے مسائل کے حل ہیں اور آربی آئی ان مسائل سے نمٹ سکتی ہے۔ ہم وقت واحد میں یہ قدم اٹھائیں گے اور اس امر کویقینی بنائیں گے کہ ہر روز پیشرفت ہو۔"یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ راجن کو سال گذشتہ اگست میں وزارت فائنانس میں چیف مشیر معاشی امور بنایاگیاتھا۔ آئی ایم ایف میں وہ وسیع تر تجربہ کے حامل ہیں۔ اپنے اس تجربہ اور وزارتِ فائنانس میں مختصر معیاد کی اپنی خدمات سے حاصل تجربہ کو وہ آربی آئی میں روبہ کار لائیں گے۔ راجن، اپنے کھلے خیالات کے لئے جانے جاتے ہیں۔ وہ ریزرو بینک آف انڈیا کے23ویں گورنر ہوں گے۔ انہوں نے2008ء میں عالمی مالیاتی بحران کی پیش قیاسی کی تھی اور اس پیش قیاسی پر ان کی گئی گوشوں سے ستائش کی گئی تھی۔ 2005ء میں انہوں نے مالیاتی شعبہ پر ایک تنقیدی لکچر دیاتھا اور کہاتھاکہ مالیاتی بحران کے بادل چھاسکتے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں