غذائی طمانیت بل کی منظوری کا مقصد ملک سے بھوک کا خاتمہ ہے ۔راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-11

غذائی طمانیت بل کی منظوری کا مقصد ملک سے بھوک کا خاتمہ ہے ۔راہول گاندھی

rahul gandhi on food security bill
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج غذائی طمانیت بل کے ناقدین کو ہدف تنقید بنایا اور کہاکہ غریبوں کو فراہم کی جانے والی غذا کو مالی وسائل کا ضیاع قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ اس قانون سازی کا مقصد عوام کو غذا کا حق دیتے ہوئے ملک سے بھوک کاخاتمہ کرناہے۔ غذا کا حق یو پی اے حکومت کی تاریخی سلسلہ وار پہل کا ایک حصہ ہے۔ حق معلومات قانون اور مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانت اسکیم بھی اس کا ایک حصہ ہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ کیا عوام کو غذا فراہم کرنا پیسہ کو ضائع کرنا کہاجاسکتاہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یہ پیسے کاضائع کرنے کے مترادف ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کے غریب عوام اپنے پیروں پر کھڑے ہوں۔ کانگریس کے نائب صدر دہلی کی کالونیوں میں بازآبادکاری کیلئے عوام کے پہلے بیاچ کی ملکیت کی دستاویز حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہم عوام کو حقوق عطا کررہے ہیں۔ حقوق کا مطلب ترقی کی ضمانت ہوتاہے۔ غذائی طمانیت بل کی منظوری کے بعد ملک میں کوئی بھوکا نہیں رہے گا۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے اس بل کو منظوری دے دی ہے اور صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی منظوری ملنے کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔ راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوپی اے حکومت نے مختلف تاریخی قانون سازیوں کے ذریعہ شمولیاتی ترقی کو یقینی بنایاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے گذشتہ دس سال کے دوران متعدد قانون بنائے ہیں جن کی وجہ سے ترقی کا پیمانہ تبدیل ہوگیا ہے ۔ ان قانون سازیوں کا مقصد عوام کے حقوق کو یقینی بناناہے۔

Providing food to poor is not wastage of money: Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں