دہلی عصمت ریزی کیس- چاروں ملزمین خاطی- سزا کا آج اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-11

دہلی عصمت ریزی کیس- چاروں ملزمین خاطی- سزا کا آج اعلان

Delhi gang-rape Four accused
دہلی کی ایک عدالت نے 16؍ڈسمبر2012ء کو اس شہر میں پیش آئے عصمت ریزی اور قتل کے وحشیانہ جرم میں ملوث چاروں ملزمین کو آج خاطی قرار دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج یوگیش کھنہ نے ان ملزمین کو عصمت ریزی، قتل، اقدام قتل، غیر فطری جرائم، ثبوت و شواہد کی تباہی اور ڈکیتی و نیز دیگر الزامات کے تحت خاطی پایا۔ جج نے کہا کہ سزا کا اعلان 11ستمبر کو کیا جائے گا۔ جرم کے ارتکاب کے بعد سے چاروں ملزمین جیل میں ہیں۔ آج جب فیصلہ سنایاگیاتب ان ملزمین کو عدالت میں لایاگیا۔ جج نے ملزمین کو خاطی قرار دیتے ہوئے کہاکہ "میں، ان تمام ملزمین کو اجتماعی عصمت ریزی، ایک بے بس لڑکی کے قتل، شکایت کنندہ (لڑکی کے وائے فرینڈ)کے قتل کی کوشش، سازش، مشترکہ بدنیتی، ثبوت و شواہد کی تباہی کا خاطی قرار دیتاہوں۔" ملزمین کو اس کیس میں اعظم ترین سزا یعنی سزائے موت کا سامنا ہے ۔ خاطیوں نے 16؍ڈسمبر2012ء کی رات کو ایک چلتی بس میں 23سالہ فزیوتھراپسٹ کی عصمت ریزی کی تھی اور یہ مظلوم لڑکی بعد میں سنگاپور کے ایک ہسپتال میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ عدالت نے جرم کے ارتکاب کے تقریباً9ماہ بعد خاطیوں مکیش، پون گپتا، ونئے شرمااور اکشے ٹھاکر کے خلاف فیصلہ سنایاہے۔ فیصلہ سن کر مجرم ونئے شرما نے ورنا شروع کردیا۔ دہلی میں پیش آئے عصمت ریزی کے بھیانک واقعہ پر ملک گیر احتجاج کئے گئے تھے اور مرکزی حکومت، انسداد عصمت ریزی سخت قانون وضع کرنے پر مائل ہوئی۔ اس کیس کے 6ملزمین کے منجملہ ایک نے دہلی کی تہاڑ جیل میں خودکشی کرلی جبکہ ایک کم عمر ملزم کو جو ینائل جسٹس بورڈ نے گذشتہ31اگست کو اصلاح گھر میں3سال گذارنے کی سزا دی۔ عصمت ریزی کا واقعہ، جنوبی دہلی کے علاقہ منیرکا میں اس وقت پیش آیاتھا جب مظلوم لڑکی اور اس کا بوائے فریڈ بس میں سوار ہوئے تھے۔ گھناؤنے جرم کے ارتکاب کے بعد6حملہ آوروں نے لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ کو، گاڑی کے باہرپھینک دیاتھا جبکہ ان دونوں کے جسم پر کپڑے نہیں تھے۔ لڑکی، گذشتہ29دسمبر کو سنگاپور کے ماؤنٹ ایلزبتھ ہاسپٹل میں جانبر نہ ہوسکی۔ متعدد افراد نے حملہ آوروں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیاہے۔ اس کیس میں چارج شیٹ گذشتہ3جنوری کو داخل کیاگیاتھا اور مقدمہ کا آغاز گذشتہ5فروری کو ہوا تھا۔ استغاثہ نے85اور وکلائے صفائی نے17گواہ پیش کئے۔ پولیس نے چارج شیٹ میں کہا تھاکہ تمام ملزمین میں سے ، کم عمر ملزم کا رویہ انتہائی وحشیانہ تھا۔

Delhi gang-rape: Four accused convicted, sentencing likely today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں