پاکستان - چوتھی عالمی ادبی و ثقافتی کانفرنس کا شیڈول تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-19

پاکستان - چوتھی عالمی ادبی و ثقافتی کانفرنس کا شیڈول تیار

چوتھی عالمی ادبی و ثْافتی کانفرنس کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کا افتتاح وزیراعظم پاکستان کرینگے، بھارتی ہدایتکار مہیش بھٹ اور اداکارہ وہدایتکارہ پوجا بھٹ کی شرکت ھی کنفرم ہوگئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ لاہور آرٹس کونسل کے زیراہتمام الحمرا آرٹ سنٹر میں ہونے والی تین روزہ چوتھی الحمرا عالمی ادبی وثقافتی کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش، ایران، جاپان، سپین،چین،جرمنی اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے دانشور، ادیب، شاعر اور فنکار شرکت کریں گے۔ شیڈول کے مطابق 25اکتوبر کو افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ہونگے جس میں عطا الحق قاسمی، جسٹس(ر)جاوید اقبال، شمس الرحمن فاروقی اور محمد علی بلوچ اظہار خیال کریں گے۔ تقریب کا اہتمام الحمرا ہال نمبر2میں کیا جائے گا۔ پہلے اجلاس کا موضوع"تبدیل ہوتی دنیا اور زبان کے مسائل" رکھاگیا ہے جس کی صدارت انتظار حسین، عبداللہ حسین، ڈاکٹر سلیم اختر، چانگ شی شوان، منیر بادینی کرینگے جبکہ اظہار خیال کرنے والوں میں ڈاکٹر فہمیدہ حسین، ڈاکٹر علی احمد فاطمی اور زاہدہ حنا شامل ہوں گے۔ دوسرا اجلاس"پاکستان میں کلاسک آرٹ اور موسیقی کا مقام" کے عنوان سے ہوگا جس کی صدارت فقیر سید اعجاز الدین اور مارجری حسین کرینگے جبکہ سلیمہ ہاشمی، میاں اعجازالحسن، احمد عقیل روبی، ثروت علی، استاد بدرالزمان، ڈاکٹر امجد پرویز، ڈاکٹر عمرعادل، استاد شفقت علی خان اور دیگر اس میں اظہار خیال کرینگے۔ تیسری نشست میں کلاسیکل نائیٹ ہوگی جس کا اہتمام ہال نمبر1میں کیاگیاہے جس میں ناہید صدیقی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔ 26اکتوبر کو پہلا اجلاس"طنزومزاح" کے عنوان سے ہال نمبر3میں ہوگا جس کے مہمان خصوصی انور مقصور ہونگے اور صدارت مشتاق احمد یوسف کریں گے۔ اظہار خٰال کرنے والوں میں عطاالحق قاسمی، اشفاق احمد ، گل نوخیز اختر، ابرار ندیم، وقارخان اور دیگر شامل ہونگے۔ دوسرے اجلاس میں "ٹکنالوجی فلم، ڈرامہ اور ادب کا باہمی رشتہ"کے موضوع پر گفتگو کی جائے گی۔ جس کی صدارت بھارتی ہدایتکار مہیش بھٹ، حسینہ معین اور سید نور کریں گے جبکہ اظہار خیال کرنے والوں میں پوجابھٹ ،صائمہ،شان، طاہر سرور میر، ڈاکٹر یونس اور جاوید اور ڈاکٹر اصغر ندیم سید کے نام شامل ہیں۔ تیسرے اجلاس میں"تھیٹر کے زوال کے اسباب" کو موضوع بنایاجائے گا۔ جس کی صدارت سرمد صہبائی کریں گے اور مہمان خصوصی عثمان پیرزادہ ہوں گے جبکہ گلوکارعاف لوہار مسعود اختر، قوی خان اور دیگر اظہار خیال کریں گے ۔ چوتھے اجلاس میں "ہندوستان میں اردو کا ماضی حال اور مستقبل" پر گفتگو کی جائے گی جس میں شمس الرحمان فاروقی ، شمیم حنفی، صدیق الرحمان قدوائی، ڈاکٹر احمدفاطمی، کے ایل نارگ ساقی، کرشن کمار طور اور اطہر فاروقی اظہار خیال کریں گے۔ آخری نشست میں روایتی تھیٹر عاشق جٹ پیش کیا جائے گا جس میں جٹ برادران اپنی ٹیم کے ہمراہ پرفارم کرینگے۔ 27اکتوبر کو پہلا اجلاس "ادب قومی یا بین الاقوامی" کے موضوع پر ہوگا جس کے صدارتی پینل میں مسعود اشعر، تھامس سٹیمر،ڈاکٹر عبدالواحد، علی احمد فاطمی، چانگ شی شوان اورسومونے شامل ہیں جبکہ ڈاکٹر اصغر ندیم سید، قاضی جاوید ، ڈاکٹر تحسین فراقی ، ڈاکٹر فخر الحق نوری اور ڈاکٹر شفیق احمد اظہار خیال کرینگے۔ دوسرے اجلاس کاموضوع "روایتی کلاسیکی موسیقی اور جدت کا ملاپ" رکھاگیاہے جس کے مہمان خصوصی مشتاق صوفی اور استاد حامد علی خان ہونگے جبکہ صدارت استاد غلام حسن شگن کرینگے۔ استاد شفقت علی خان، ڈاکٹر عمر عادل، استادبدرالزمان، عباس جعفری، شکیل عادل اور احمد عقیل روبی اس میں اظہار خیال کرینگے ۔ تیسرا اجلاس "امن کی آشا اور ہمارا میڈیا" کے عنوان سے منعقد ہوگا جس کی صدارت مجیب الرحمان شامی کرینگے۔ جبکہ مہمان خصوصی نجم سیٹھی اور عارف نظامی ہونگے۔ اظہار خیال کرنے والوں میں کلدیپ نیر، معصوم مراد آبادی اور یامقبول جان، جنید سلیم، یاسرپیر زادہ اور دیگر کے نام شامل ہیں۔ آخری نشست میں الحمراہال نمبر 1 میں محفل موسیقی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں گلوکار عطااللہ عیسی خیلوی، صنم ماروی اور غلام علی پرفارم کرینگے۔ معلوم ہوا ہے کہ آرٹس کونسل انتظامیہ نے بھارتی ادکاراوم پوری کے بعدانوپم کھیر سے رابطہ بھی کیا تاہم مصروفیت کی وجہ سے انہوں نے بھی پاکستان آنے سے معذرت کرلی اور اب مہیش بھٹ اور پوجا بھٹ نے حامی بھری ہے اور انہیں دعوت نامے بھی ارسال کردیئے گئے ہیں۔

Pakistan Fourth International Literary and Cultural Conference Schedule

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں