فساد متاثرین کی باز آبادکاری حکومت کی اولین ترجیح - وزیراعظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-17

فساد متاثرین کی باز آبادکاری حکومت کی اولین ترجیح - وزیراعظم

PM-assures-help-to-Muzaffarnagar-riot-victims
وزیراعظم منموہن سنگھ نے صدر کانگریس سونیاگاندھی اور نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے ساتھ آج اترپردیش کے فساد سے متاثرہ مظفر نگر کادورہ کیا اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے فساد کے سازشیوں کو سخت سزا دلانے کا وعدہ کیا۔سنگھ اور سونیا نے سماج کے تمام طبقات سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ حالات کو معمول پر لانے مرکز سے ریاست کو تمام درکار مدد فراہم کرنے کا تیقن دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت اولین ترجیح اور ساری کوشش متاثرہ عوام کو احساس تحفظ کے ساتھ ان کے گھروں کو واپس بھیجنا ہے۔ سنگھ، سونیا اور راہول نے بسی کلاں موضع میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کا دورہ کیا جہاں تشدد سے متاثرہ مسلمان پناہ لئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے جاٹ اکثریتی بوالی اور کھانچ پورہ مواضعات کا بھی دورہ کیا جو فساد سے بری طرح متاثر ہوگئے ۔ وزیراعظم نے متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا"میں یہاں آپ کا دکھ ، درد بانٹنے آیا ہوں۔" انہوں نے متاثرین کو تسلی دی اور تمام مدد کایقین دلایا۔ کیمپ میں انہوں نے متاثرین کی شکایات اور مسائل کی سماعت کی۔ بعدازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ ہفتہ کا فساد ایک بڑا واقعہ ہے اور فساد کے سازشیوں کو سخت سزا دی جائے گی۔ وہ یہاں صورتحال سے برسرموقع واقفیت حاصل کرنے آئے ہیں۔ سنگھ نے کہاکہ فرقہ وارانہ تشدد میں جو لوگ بے گھر ہوگئے ہیں انہیں احساس تحفظ کے ساتھ ان کے گھروں کوواپس بھیجنے کی کوشش کی جائے گی اور یہ حکومت کی ترجیح ہوگی۔ بعدازاں انہوں نے جاٹ اکثریتی علاقوں کادورہ کیا جہاں عوام نے پولیس پر بے عملی کا الزام لگایا اور عدم تحفظ کا احساس ظاہر کیا۔ وزیراعظم کے ساتھ اس دورے میں مملکتی وزیرداخلہ آر پی این سنگھ اور ریاستی گورنر بی ایل جوشی بھی شامل تھے۔ چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے کل ہی فساد سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق بسی کلاں کے راحتی کیمپ میں تقریباًدوہزار افراد پناہ لئے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے اسلامیہ مدرسہ کے ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر علاقہ میں سیکوریٹی بڑھادی گئی تھی۔ وزیراعظم نے وہاں موجود عہدیداروں سے راحتی اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے دکھ درد کی سماعت کی۔ انہوں نے کہاکہ شہریوں کا تحفظ وسلامتی کسی بھی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے اور ہم اپنے تمام وسائل اور صلاحیت کے ساتھ اس کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے بحران کی اس گھڑی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی عوام سے اپیل کی۔ راہول گاندھی نے بھی راحتی کیمپوں میں متاثرین سے بات چیت کی اور کہاکہ ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر مرکز متاثرہ عوام کو ہر ممکن مدد پہنچانے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے بے گھر افراد کی بازآبادکاری کا بھی یقین دلایا۔ راہول گاندھی نے ایک سے زائد دفعہ سیکوریٹی گھیرا توڑ دیا اور اپنی سلامتی کی پراہ کئے بغیر عوام کے درمیان پہنچ گئے جو ان پر بیتی مصیبت سنانے کیلئے بے چین تھے۔ بعض افراد نے تحریری طورپر درخواستیں ان کے حوالے کیں۔
یو این آئی کے بموجب وزیراعظم منموہن سنگھ نے فسادات کی خبروں کی سرگرمی کے دوران تشدد میں ہلاک ہونے والے ایک صحافی کے خاندان کو10لاکھ روپئے امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے سونیا گاندھی اور ریاستی گورنر کے ساتھ آربئی این7- کے صحافی راجیش ورما کے گھر پہنچ کر ان کے افراد خاندان کو دلاسہ دیا اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

PM assures all possible help to Muzaffarnagar riot victims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں