ملک کے شہروں کی آبادی 27 کروڑ سے متجاوز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-15

ملک کے شہروں کی آبادی 27 کروڑ سے متجاوز

شہری علاقوں میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی سے سلم علاقوں میں اضافہ کا مسئلہ پیدا ہونے کو نوٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے آج کہا کہ مرکز شہری علاقوں کے غریبوں کے لیے 15 لاکھ سے زائد مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ شہر کے مضافات میں سلم علاقوں کے شہریوں کے لیے 2400 کروڑ کی لاگت سے ہاؤزنگ پراجکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ چندی گڑھ سلم علاقوں سے پاک ملک کا پہلا شہر بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ایسے اہم پراجکٹس ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے سفر میں نئی سمت دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ کے باعث آئیندہ چند سال میں شہری انفرااسٹرکچر پر زبردست دباؤ بنے گا۔ ملک میں شہری آبادی میں آئیندہ بیس (20) سال میں 22 کروڑ کا اضافہ ہوگا۔ ملک میں شہروں میں بسنے کی رفتار تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ 1971 میں شہروں کی آبادی 11 کروڑ تھی۔ پچھلے 40 سال کے دوران 2011 تک شہری آبادی میں اضافہ ہو کر یہ آبادی 27 کروڑ ہو گئی۔ شہری علاقوں میں آبادی میں اضافہ سے ملک کے اربن انفرااسٹرکچر پر زبردست دباؤ بڑھے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے شہروں میں سلمس علاقوں میں اضافہ کا رجحان یہ ظاہر کرتا ہے کہ شہروں میں اضافہ کے باعث مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلم علاقوں میں رہنے والوں کی تعداد اندازاً 10 کروڑ سے بڑھ کر 2017 میں 10.4 کروڑ ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 41 ہزار کروڑ روپے کی رقم توقع ہے کہ جواہر لال نہرو نیشنل اربن رینیول مشن اسکیم کے تحت 15.6 لاکھ مکانات کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری کی جائے گی۔ مرکز نے راجیو آواس یوجنا اسکیم شروع کی ہے تاکہ ملک کو سلم سے پاک کیا جائے۔ اس اسکیم کے تحت آئیندہ چار سالوں میں شہروں کے غریب عوام کے لیے 10 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ غریب عوام کے لیے 5 لاکھ روپے کا بنک قرض 5 فیصد شرح سود پر سبسیڈی کے ساتھ فراہم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک ہزار کروڑ روپے کا کریڈٹ رسک گیارنٹی فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں شہری غریب عوام کو مکانات کی تعمیر کے لیے کولیٹرل فری بنک لون حاصل ہوگا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس اسکیم میں خانگی شعبہ کو شامل کیا جائے گا۔ اسکیم کے تحت خانگی شعبہ کی کمپنیاں کمزور طبقات اور ایل آئی جی زمرے کو مکانات کی تعمیر کے لیے مالی امداد کریں گے۔
دھانا موضع میں ہاؤزنگ کمپلکس کا افتتاح کرتے ہوئے جس سے تقریباً 8,500 خاندانوں کو فائدہ ہوگا ، منموہن سنگھ نے پہلے بیچ کے 10 افراد کو چابیاں حوالہ کیں۔
جواہر لال نہرو نیشنل اربن رینیول مشن اسکیم کے تحت 267 مربع فیٹ کے مجموعی طور پر 8,448 فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

Over 15 lakh houses for urban poor to be built: Manmohan Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں