منموہن سنگھ اور اوباما کی ملاقات طے شدہ پروگرام کے مطابق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-06

منموہن سنگھ اور اوباما کی ملاقات طے شدہ پروگرام کے مطابق

obama manmohansingh meet
(واشنگٹن)
شام کے بحران کے باعث مصروف ہونے کے باوجود بارک اوباما اور وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے درمیان 27 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات پروگرام کے مطابق ہوگی جبکہ سینٹ پیٹر سبرگ میں رواں جی 20سمٹ کے موقع پر سنگھ ۔ اوباما کوئی رسمی ملاقات نہیں ہوگی۔ دونوں قائدین توقع ہے کہ ایک دوسرے کے نمائندوں سے اس ہفتہ بات چیت کریں گے۔ عہدیداروں نے یہاں پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والے حکام نے کل اوباما اور منموہن سنگھ کے درمیان وائٹ ہاؤس میں 27ستمبر کو ہونے والی ملاقات کاپروگرام ازسرنوطئے کرنے کو خارج کردیاتھا۔ اوباما نے بشار الاسد کی حکومت کے خلاف فوجی کاروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں کانگریس سے اجازت طلب کی ۔ توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ کے اوائل میں اس سلسلہ میں کانگریس میں ووٹنگ ہوگی۔ چونکہ فوجی حملہ کیلئے کوئی مخصوص تاریخ کا تعین نہیں کیاگیاہے لہذا اوباما، کانگریس کی اجازت کے حصول کے بعد شام کے خلاف کاروائی کا حکم دیں گے ۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے مطابق ان کے ملک نے زائد از 100ممالک سے ربط پیدا کیا جن میں 34نے حمایت کا وعدہ کیا۔ اوباما انتظامیہ نے شام کے مسئلہ پر ہندوستان سے بھی بات چیت کی تھی اور دونوں ممالک کے مابین اختلاف رائے دیکھا گیا جبکہ ہندوستان نے زور دے کر کہاکہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر کسی بھی طرح کی فوجی کاروائی کے حق میں نہیں ہے۔

(اقوام متحدہ)
وزیر اعظم منموہن سنگھ 28 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ مقررین کی تازہ فہرست کے تحت یہ بات بتائی گئی ۔ پچھلی فہرست کے مطابق منموہن سنگھ ایک دن قبل یعنی 27 ستمبر کو خطاب کرنے والے تھے ۔ ان کی تقریر کا دن تبدیل کرنے کا مقصد سمجھا جاتا ہے کہ انھیں امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات کا موقع فراہم کرنا ہے ۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں تقریر کریں گے ۔ اپنی دوسری معیاد میں یہ ان کی پہلی تقریر ہوگی ۔ دوسری جانب امریکی صدر بارک اوباما عام مباحثہ کی شروعات کے پہلے دن جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے ۔ ان سے قبل برازیل کی صدر تقریر کریں گی ۔ سری لنکا کے صدر مہندا راجا پکسہ بھی اوباما کی تقریر کے سیشن کے دوران ہی مخاطب کریں گے ۔ ایران کے نومنتخبہ صدر حسن روحانی سیشن کے پہلے ہی دن تاہم دوپہر میں بنگلہ دیشی وزیر اعظم اور دیگر 16 ممالک کے صدور کے ساتھ مخاطب کریں گے ۔

Barack Obama, Manmohan Singh to meet as per schedule on September 27 in US

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں