RSS clear path for Modi to be declared BJP's PM candidate
آر ایس ایس نے آج بی جے پی پر واضح کردیا کہ وہ نریندر مودی کو مجوزہ عام انتخابات میں پارٹی کے امیدوار وزیراعظم کی حیثیت سے دیکھنے کی خواہاں ہے اور اس کا اعلان کردیاجائے اس کے لئے آر ایس ایس نے تبدیلی چاہنے والے عوام کی تائید کا دعویٰ کیا، لیکن کہا کہ اعلان کس وقت کیاجائے اس کا تعین پارٹی کرسکتی ہے۔ آر ایس ایس لیڈر رام مادھو نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سنگھ پریوار کا یہ احساس ہے کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں، ملک کو ایک تبدیلی کی ضرورت ہے اور ہم بھی اسے محسوس کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے ساتھ سنگھ پریوار کی دیگر تنظیموں کے حال ہی میں منعقدہ دو روزہ اجلاس میں یہ مسئلہ زیر بحث آیا اور ذرائع کے مطابق سنگھ پریوار نے پارٹی پر مودی کووزارت عظمیٰ کے لئے امیدوار بنانے سے متعلق اپنے موقف کو واضح کردیا ہے۔ مادھو نے اجلاس کے فیصلہ سے واقف کرواتے ہوئے کہاکہ ہم نے اپنا فیصلہ بی جے پی کو سنادیا ہے، ہماری طرف سے پیغام جاچکاہے کہ ملک میں رائے دہندے تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ یہ پوچھنے پر کہ کیا تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ یہ پوچھنے پر کہ کیا تبدیلی سے ان کی مراد چیف منسٹر گجرات نریندر مودی ہیں تو مادھو نے کہا"جب ہم کہتے ہیں کہ عوام ایک خاص تبدیلی چاہتے ہیں تو یقیناًیہ بات طئے ہے کہ عوام کا احترام اور ان کی تائید کس شخص کیلئے اور کس عہدہ کیلئے ہے، یہ سبھی پر واضح ہے ۔" دو روزہ اجلاس کے بعد آر ایس ایس نے کل ایک بیان میں کہاتھاکہ مودی کو امیدوار وزیراعظم بنانے کے مسئلہ پارٹی میں کوئی تذبذب یا اختلاف رائے نہیں ہے بلکہ صرف بی جے پی کو یہ طئے کرنا ہے کہ اس کا اعلان کب کیا جائے گا۔ صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ نے اشارہ دیا کہ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس آئندہ ہفتہ منعقد ہوگا۔ قیاس کیا جارہا ہے کہ 17ستمبر کو مودی کی سالگرہ کے موقع پر پارٹی کے اس اہم فیصلہ کا اعلان کیا جائے گا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں