ہند پاک امن مساعی جاری رہنی چاہئے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-21

ہند پاک امن مساعی جاری رہنی چاہئے

MPs from India Pakistan hold Track-II dialogue
ہندوستان اور پاکستان کے ارکان پارلیمنٹ کے ایک گروپ نے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات کی پرزور تائید کی تاکہ امن کے راستے کھلے رکھے جائیں۔ ہند۔پاک ارکان پارلیمنٹ کی بات چیت کا پانچواں مرحلہ کل اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ہندوستان کی11سیاسی جماعتوں کے13ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل ایک وفد اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کی۔ وفد میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کے قومی سلامتی مشیر سرتاج عزیز، نے ظہرانہ پر ان ارکان پارلیمنٹ کو مدعو کیاتھا۔ بات چیت کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا"قانون سازوں نے قوی امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بہتر تعلقات اور امن کی راہ کشادہ رکھنے کی غرض سے دونوں وزرائے اعظم نیویارک میں ملاقات کریں گے۔ انہوں نے دونوں حکومت سے مستقل امن کے حصول کی مساعی کو تیز کرنے دونوں حکومت کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی اپیل کی، ساتھ ہی مذاکرات کا عمل جاری رکھنے اور تشویش کے امور پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت سے اتفاق کیا۔ تنازعات کے حل کیلئے دیانت دارانہ رویہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ارکان پارلیمان نے دونوں حکومتوں سے جموں و کشمیر سے جڑے مسائل کے بشمول تمام مسائل پر بات چیت کرنے کی خواہش کی۔ ہندوستانی وفد کے قائد منی شنکر ائیر نے واضح کردیاکہ گروپ، حکومت کو صرف مشورہ دے سکتاہے قطعی فیصلہ کرنا عاملہ کا کام ہے۔ بی جے پی لیڈر کیرتی آزاد نے بات چیت کی ضرورت کا اعتراف کیا لیکن کہاکہ پاکستان کو ہندوستان کی تشویش دور کرنا ہوگا۔ ائیر نے پاکستان مین اقتدار کی جمہوری منتقلی پر اظہار مسرت کیا اور کہاکہ اس سے امن کی امیدیں برھ گئی ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف باہمی مسائل بشمول وزیر اور تجارت پر پیشرفت حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تمام مسائل بشمول جموں و کشمیر کوحل کرنے کیلئے مذاکرات جاری رکھیں اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نیویارک میں ملاقات کریں گے تاکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن اور اچھے تعلقات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے جائیں۔ ارکان پارلیمنٹ نے نشاندہی کی کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان دوارب ڈالر کی تجارت ہوتی ہے جبکہ اس کو 10ارب ڈالر تک پہنچانے کی گنجائش ہے۔ پاکستانی گروپ50ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل ہے جس میں تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی شامل ہے۔

MPs from India Pakistan hold Track-II dialogue

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں