گورنر گجرات نے متنازعہ لوک آیوکت بل واپس کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-04

گورنر گجرات نے متنازعہ لوک آیوکت بل واپس کر دیا

گورنر گجرات کملابینی وال نے متنازعہ گجرات لوک آیوکت آیوگ بل2013ء واپس کردیا ہے جسے ریاستی اسمبلی نے جاریہ سال کے اوائل میں منظوری دی تھی۔ ریاسیت کابینہ کے ترجمان اور وزیر فائنانس نتن پٹیل نے کہاکہ گورنر نے یہ بل واپس کردیاہے اور ریاستی حکومت گورنر کے تبصرہ کا مطالعہ کرنے کے بعد ہی اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ کرے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ گورنر نے اس بل کی مختلف دفعات کے خلاف کئی سوالات اٹھاتے ہوئے کل شام اسے واپس کردیا۔ ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس 30ستمبر کو شروع ہونے والا ہے جس سے کچھ ہفتے پہلے یہ بل واپس کیاگیا ہے ۔ اس بل کا مقصد لوک آیوکت کے تقرر کے تمام اختیارات اپنے پاس رکھنا ہے ۔ حکومت گجرات نے جاریہ سال اپریل میں گجرات لوک آیوکت آیوگ بل 2013ء منظور کیاتھا جسے مبینہ طورپر موجودہ لوک آیوکت قانون کی جگہ دی جانے والی تھی۔ نئے بل میں فراہم کی گئی قانونی گنجائش کے مطابق موجودہ قانون کے برعکس واحد لوک آیوکت کے بجائے4نائب لوک آیوکتوں کے ساتھ کثیر رکنی لوک آیوکت کمیشن قائم کیاجاسکتاہے۔ بل میں مزید کہاگیا کہ اس کمیشن کے ارکان کا انتخاب چیف منسٹر کی زیر قیادت ایک سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان میں ریاستی اسمبلی کے اسپیکر، ریاستی کابینہ کے ایک وزیر، قائد اپوزیشن اور گجرات ہائی کورٹ کے ایک جج بھی شامل رہیں گے جنہیں ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے نامزد کیاجائے گا۔ جسٹس (ریٹائرڈ) آر اے مہتا نے گذشتہ ماہ لوک آیوکت کے عہدہ کا جائزہ لینے سے انکار کردیاتھا۔ گورنر گجرات کملابینی وال نے ان کا تقرر کیاتھا جس پر ایک زبردست تنازعہ اٹھ کھڑا ہواتھا۔

Gujarat governor returns Lokayukta Amendment Bill to state govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں