چھوٹے شہروں کے مابین فضائی رابطہ - 100 طیران گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-22

چھوٹے شہروں کے مابین فضائی رابطہ - 100 طیران گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ

Govt connecting small cities by air
وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج کہا ہے کہ ملک کے چھوٹے شہروں کے مابین فضائی رابطہ کیلئے زائد از ایک سوطیران گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے تاکہ2020تک متوقع طورپر فضائی مسافروں کی بڑھتی تعداد 30کروڑ کے فضائی سفر کی ضروریات کی تکمیل ہو۔ ایسی پہلی طیران گاہ، راجستھان کے ضلع اجمیر کے کشن گڑھ ٹاؤن میں تعمیر کی جائے گی جو2016تک کارکرد ہوجائے گی۔ ڈاکٹر سنگھ یہاں طیران گاہ کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ"ملک میں ایک سوچھوٹی طیران گاہوں کا نیٹ ورک تعمیر کرنے کی شاندار اسکیم پر عمل ہورہاہے۔ قبل ازیں میٹرو شہروں میں طیران گاہوں کے قیام پر توجہ مرکوز کی گئی تھی اور اب چھوٹے شہروں اور ٹاؤنس میں زائد از ایک سو طیران گاہیں قائم کی جائیں گی۔ اس طرح ملک میں فضائی سفر کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ اسکیم کے تحت کشن گڑھ ایرپورٹ، پہلا پراجیکٹ ہے۔" وزیراعظم نے کہاکہ طیران گاہ کشن گڑھ، پہلے مرحلہ میں تخمیناً 161کروڑ روپیئے کے مصارف سے قائم کی جائے گی۔ اس طرح معاشی سرگرمیوں اور اس علاقہ میں شرح نمو میں اضافہ ہوگا۔ "اجمیر، ایک مشہور سیاحتی مرکز بھی ہے جہاں شہور درگاہ حضرت صوفی خواجہ معین الدین چشتی ؒ اور پشکر ٹاؤن میں برہما مندر واقع ہے۔یہ علاقہ اپنی صنعتوں بشمول سنگ مرمر کے لئے شہرت رکھتاہے اور نئے ائیر پورٹ پراجیکٹ سے معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔" انہوں نے مظفر نگر (یو پی) کے حالیہ فرقہ وارانہ تشدد کے پس منظر میں عوام سے خواہش کی کہ وہ پرامن تعلقات برقرار رکھیں اور تمام مذاہب ونظریات کا احترام کریں۔ اجمیر شریف سے لگ بھگ20کیلو میٹر کے فاصلہ پرکشن گڑھ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ"نفرت اور تشدد سے کسی کو کچھ فائدہ نہیں ہوتا۔ وزیراعظم نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سال گذشتہ فضائی مسافرین کی تعداد16 کروڑ تھی اور ختم سال 2020تک اندازہ ہے کہ یہ تعداد بڑھ کر30کروڑ ہوجائے گی۔ اس ضرورت کی تکمیل کیلئے ہمیں مزید کوششیں کرنی ہوں گی۔ اس مقصد کیلئے حکومت اور خانگی شعبوں دونوں کو زبردست سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرشہری ہوابازی اجیت سنگھ نے چھوٹے شہروں اورٹاؤنس کے مابین فضائی رابطہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ ان کی وزارت اب اسی سمت میں کام کررہی ہے۔

Government connecting small cities by air: PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں