عمر عبداللہ حکومت کو بیدخل کرنے وی کے سنگھ کی سازش بے نقاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-21

عمر عبداللہ حکومت کو بیدخل کرنے وی کے سنگھ کی سازش بے نقاب

Ex-army chief VK Singh
سابق سربراہ افواج جنرل وی کے سنگھ کے قائم کردہ ایکا نٹیلجنس یونٹ کی جانب سے خفیہ فنڈس کے غلط استعمال کے الزامات پر آج ایک زبردست تنازعہ چھڑ گیاہے۔ بتایاجاتاہے کہ یہ فنڈس، جموں وکشمیر کی عمر عبداللہ حکومت کو بے دخل کرنے کی کوشش کیلئے بے جاطورپر استعمال کئے گئے تھے۔ ان حالات میں مرکز نے وعدہ کیا ہے کہ اگر کوئی برسر خدمت یا ریٹائرڈ عہدیدار، ملوث پایا جائے تو کاروائی کی جائے گی۔ الزامات ایک خفیہ فوجی رپورٹ میں ہیں کہ متنازعہ ٹیکنیکل سرویسس ڈیویژن(ٹی ایس ڈی) غیر مجاز کاروائیوں اور مالیاتی بے قاعدگیوں میں ملوث تھا۔ ان الزامات پر کانگریس اور بی جے پی کے درمیان زبردست تنازعہ چھڑ گیا ہے۔ ایک مرکزی وزیر نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ اس "انتہائی حساس" معاملہ میں سی بی آئی تحقیقات کے امکانات کو مسترد نہیں کیاجاسکتا۔ وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ وہ ٹی ایس ڈی پر فوجی رپورٹ پر کاروائی کے بارے میں کوئی فیصلہ، اس رپورٹ کا محتاط جائزہ لینے کے بعد کرے گی۔ ایسی ناپسندیدہ سرگرمیوں کو روکنے کیلئے ووزارتِ دفاع کے پاس اقدامات کرنے کا اختیار ہے۔ وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رپورٹ "قومی سلامتی امور" پر اثر انداز ہوتی ہے تاہم اس وزارت نے سی بی آئی تحقیقات کے تعلق سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ بی جے پی نے اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے وقت کے بارے میں اعتراض کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ 5روزقبل ریواڑی میں منعقدہ ریالی میں بی جے پی کے امیدوار وزارتِ عظمیٰ نریندر مودی کے ساتھ ایک ہی شہ نشین پر جنرل وی کے سنگھ کی موجودگی پر جنرل سنگھ کا "پیچھا اٹھایاجارہاہے" یہاں یہ تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ رپورٹ، ڈائرکٹر جنرل(ملٹری آپریشنس) لیفٹیننٹ جنرل ونودبھاٹیہ نے تیار کی ہے۔ سربراہ افواج جنرل وکرم سنگھ نے اعلیٰ خفیہ یونٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے"بورڈ آف آفیسرس انکوائری"تشکیل دیاتھا۔ ونود بھاٹیہ اس بورڈ میں شامل تھے۔ یہ رپورٹ گذشتہ مارچ میں وزارت دفاع کو پیش کی گئی۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس رپورٹ میں سی بی آئی جیسی کسی ایجنسی کے ذریعہ تحقیقات کی سفارش کی گئی ہے۔ مرکزی وزیرجنہوں نے سی بی آئی تحقیقات کے امکانات کے بارے میں اظہار خیال کیا ہے، کہا کہ حکومت نے رپورٹ کا سنجیدہ نوٹ لیا ہے۔

Ex-army chief VK Singh tried to topple J&K government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں