جنوبی کشمیر میں پھر سے کرفیو نافذ - حریت کا ہڑتال کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-13

جنوبی کشمیر میں پھر سے کرفیو نافذ - حریت کا ہڑتال کا اعلان

جموں و کشمیر کے شوپیان ، کلگام اور پلوامہ اضلاع کے کچھ حصوں میں آج صبح سے احتیاطی طورپر پھر سے کرفیو نافذ کردیاگیاہے۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بتایاکہ شوپیان کے گگران میں سیکوریٹی فورسس کی مبینہ فائرنگ میں کل ایک نوجوان کی موت کے بعد کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ ذرائع کے مطابق شوپیان ضلع کے پلوامہ اور کاک پورہ علاقوں میں امن وقانون کی صورتحال برقرار کھنے کیلئے کرفیو نافذ کیاگیاہے۔ علاقہ میں فاضل فورس تعینات کردی گئی ہے۔ شوپیان میں اتوار کو بھی کرفیو لگایاگیاتھا۔ اسی دوران وادی کشمیر میں نیم فوجی دستوں کے ہاتھوں گگران علاقہ میں مظاہرین پر کی گئی فائرنگ میں ایک اسکول بس کے ڈرائیور کی مبینہ موت ہوجانے کے خلاف احتجاج میں حریت کانفرنس نے آج ہڑتال کا اعلان کیا۔ یہ مظاہرین7ستمبر کوسیکوریٹی فورسس کی فائرنگ میں4نوجوانوں کی مبینہ موت کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ پولیس کے ذرائع نے یہاں بتایاکہ ان 4 نوجوانوں میں سے ایک کامبینہ طورپر دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے تعلق تھا۔ ذرائع نے بتایاکہ حریت کانفرنس کی اس ہڑتال کو کئی علیحدگی پسند تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے سری نگر میں دوکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں لیکن پرائیوٹ اور سرکاری موٹر گاڑیوں کے تمام راستوں کو تبدیل کردیاگیاہے اور کچھ علاقوں سے پتھراؤ کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ انتظامیہ کی طرف سے چھٹی کا اعلا ن کئے جانے کے بعد اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں طلباء غیر حاضر رہے لیکن سرکاری دفاتر اور بینک اس ہڑتال میں شامل نہیں ہوئے۔ اس دوران حکمران نیشنل کانفرنس کے رکن لوک سبھا محبوب بیگ نے سیکوریٹی فورسس کی جانب سے پولیس فائرنگ میں پانچ افراد کی ہلاکت کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔ حکومت جموں و کشمیر نے شوپیان فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات کا حکم دیاہے جس میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔

Curfew re- imposed in Shopian,following a strike called by Hurriyat conference

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں