کولکاتا سمیت پورے مغربی بنگال میں مسلمانوں نے اہتمام سے عید منائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-12

کولکاتا سمیت پورے مغربی بنگال میں مسلمانوں نے اہتمام سے عید منائی

west-bengal eid celebrations
شہر کی سب سے بڑی ناخدا مسجد سمیت کئی دیگر مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔ عید کے موقع پر بچوں سے لے کر بزرگوں تک سب نے نئے نئے کپڑے پہن رکھے تھے۔ ہر عمر کے لوگوں نے عید کی نماز میں بھی حصہ لیا۔ مغربی بنگال کے دیگر حصوں میں بھی روایتی جوش و خروش کے ساتھ عید کا تہوار منایاگیا۔ دارجلنگ کی پہاڑیوں میں گورکھا جن مکتی مورچہ کی جانب سے بلائے گئے غیر معینہ بند کے بند کی وجہہ سے عید کا تہوار تھوڑا پھیکا رہا۔ رمضان المبارک کی تکمیل پر مسلمانوں کیلئے ڈھیر ساری خوشی کا پیغام لے کر عید آئی۔ بچے، بوڑھے اور جوان سبھی نے ایک ساتھ نماز ادا کی۔ باہمی ہم آہنگی کا پیغام دینے والے مسرت کا تہوار عید جمعہ کو بنگال میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ریڈ روڈ پر تقریباً 42 ہزار لوگوں نے عید کی نماز ادا کی۔ مسلمانوں نے مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں نئے نئے کپڑے پہن کر عید کی نماز پڑھی اور اس کے بعد گلے مل کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ حالانکہ ہلکی پھلکی بارش کی وجہہ سے نماز ادا کرنے میں تھوڑی پریشانی ہوئی۔ دارالحکومت میں پہلی نماز ناخدا مسجد میں صبح 6:45 بجے ہوئی۔ دوسری نماز ٹیپوسلطان مسجد میں 7:30 بجے اور تیسری بڑی نماز صبح 9بجے ریڈ روڈ میں پڑھی گئی۔ مسلم اکثریتی علاقوں میں صبح سے ہی خاصی چہل پہل رہی۔ چاروں طرف خوشی کا منظر چھایا جارہا۔ بچے، بوڑھے، جوان تمام نئے نئے کپڑے پہنے مساجد کی طرف بڑھ رہے تھے۔ مساجد کے آس پاس جشن جیسا ماحول تھا۔ نماز کے بعد مسلمانوں کی کثیر تعداد قبرستان میں بھی گئی۔ شہر کے پارک سرکس، راجہ بازار، رپن اسٹریٹ، خضر پور، توپسیا اور مٹیا برج وغیرہ مسلم اکثریتی علاقوں کی زیادہ تر مسجدوں میں عید کی نماز پڑھی گئی۔ اس کے علاوہ کمرہٹی، ٹیٹا گڑھ، کانکی نارہ، جگتدل، حاجی نگر، بیرک پور وغیرہ مضافاتی علاقوں میں بھی جوش و خروش کے ساتھ عید منائی گئی۔ اس موقع پر لوگ ایک دوسرے کے گھر گئے اور ضیافتوں کا دور چلا، ہندو اور دیگر فرقے کے لوگوں نے مسلمانوں کو عید کی مباکرباد دی۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے مسلم کمیونٹی کے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔ انتظامیہ نے عید کے موقع پر شہر کے ہر گلی چوراہے پر سکیورٹی کا پختہ انتظام کیا تھا۔ اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔ نماز پڑھنے مسجد اور عیدگاہوں میں جانے والے لوگوں کی سہولت کیلئے سٹی پولیس نے ٹریفک کنٹرول کیا۔ ٹیپوسلطان مسجد کے شاہی امام مولانا برکتی نے عوام سے امن و سکون کے ساتھ دوسروں کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے عید کی خوشیاں منانے کا پیغام دیا۔ دارجلنگ سے موصولہ خبروں کے مطابق انجمن اسلامیہ مسجد میں نماز ادا کی گئی۔ نماز کے بعد لوگ ایک دوسرے کے گلے ملے۔ کالمپونگ میں بھی عید کی نماز ادا کی گئی اور اس موقع پر پہاڑ پر امن اور بھائی چارے کیلئے دعا مانگی گئی۔ انجمن اسلامیہ کے سکریٹری امن چشتی نے کہاکہ سادگی سے تہوار منایاجائے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں