سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج جمعرات کو عیدالفطر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-08

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج جمعرات کو عیدالفطر

Eid Mubarak 2013
سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک میں آج شوال کا چاند نظر آ گیا اور آج بروز جمعرات 8/اگست عیدالفطر منائی جائے گی۔
سعودی عرب کی سپریم کورٹ کے اعلان کے مطابق مملکت میں شوال کے چاند کی رویت کی شہادت حاصل ہونے کی بنا پر بروز جمعرات عیدالفطر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر خادم الحرمین شریفین شاہ عبداللہ نے عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسلام کی سربلندی ، مسلمانوں کی خوشحالی اور ملی اتحاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشرکردہ خطاب میں انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر تمام مسلمانوں کی خوشحالی اور عالم اسلام کی سربلندی کے لیے بارگاہ رب العزت میں دست بہ دعا ہوں۔
اس سے قبل کل رات مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نماز تراویح میں قرآن کریم کی تلاوت مکمل کر لی گئی۔ مسجد الحرام میں تراویح کی آخری رکعت میں امام کعبہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے نصف گھنٹے تک رقت قلب اور سوز و گداز کے ساتھ مسلمانوں کی عبادات ، ان کے روزوں اور قیام اللیل کی قبولیت ، عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی ، مسلمانوں کے اتحاد و یک جہتی ، مسجد اقصیٰ کی بازیابی اور غاصب قوتوں کے قبضے سے فلسطین سمیت تمام مقبوضہ مسلم علاقوں کی آزادی اور برما کے مسلمانوں کی ظلم و ستم سے نجات کے لیے رقت آمیز دعا کروائی جس میں دنیا کے مختلف ملکوں اور سعودی عرب کے دوسرے شہروں سے مکہ مکرمہ آنے والے 30 لاکھ سے زائد مسلمان خشوع و خضوع ، عجز و انکسار ، اشکبار آنکھوں اور سسکیوں بھری آہوں کے ساتھ شریک ہو کر اپنے رب سے مغفرت طلب کرتے رہے ، کروڑوں لوگوں نے ٹیلی ویژن پر یہ دعا سنتے ہوئے اس میں آمین کی صدا شامل کی۔ مسجد نبوی میں فضیلۃ الشیخ عبداللہ البعیجان نے دعا کروائی جس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں مسلمان شریک ہوئے۔

متحدہ عرب امارات میں بھی رویت ہلال کی تصدیق ہو گئی ہے لہذا عیدالفطر جمعرات کے روز منائی جائے گی۔ یو۔اے۔ای کے وزیر انصاف اور رویت ہلال کمیٹی کے صدر ڈاکٹر حاذف بن ظوان الظہیری نے رویت ہلال کی تصدیق کرتے ہوئے امارات کے حکمرانوں اور عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔
اس طرح سے کویت ، اردن ، فلسطین میں بھی رویت ہلال کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ان ممالک میں جمعرات کو عید منائی جائے گی البتہ عمان میں چاند نظر نہیں آیا لہذا عمان میں عید جمعہ کو منائی جائے گی۔ جاپان میں بھی آج چاند نظر آ گیا ہے۔

Saudi Arabia, several Arab states celebrating Eid today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں