کشمیر - ہندوستانی فوجی دستے پر اشتعال انگیز پاکستانی فوجی حملہ - 5 سپاہی ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-07

کشمیر - ہندوستانی فوجی دستے پر اشتعال انگیز پاکستانی فوجی حملہ - 5 سپاہی ہلاک

5 indian jawans killed by pak
جموں/نئی دہلی۔
ایک اشتعال انگیز حملہ میں پاکستانی فوجیوں کی قیادت میں انتہائی مسلح 20 افراد کے ایک گروپ نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں ہندوستانی حدود میں 450 میٹر تک اندر گھس کر آتے ہوئے ایک پٹرولنگ پارٹی کو حملہ کا نشانہ بنایا جس میں 5ہندوستانی سپاہی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس حملہ کے نتیجہ میں ملک کی تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے مذمت کرتے ہوئے حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ اس حملہ کا موثر جواب دے۔ دفاعی ترجمان جموں مسٹر ایس این آچاریہ نے ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے بتایاکہ ایک ہندوستانی فوجی پٹرولنگ پارٹی پر جو ایک نان کمیشنڈ آفیسر اور 5 دوسرے رینک کے ارکان پر مشتمل تھی‘ پاکستان بارڈر ایکشن ٹیم نے گھات لگاکر جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں حملہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس حملہ کے بعد وہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں 5 ہندوستانی سپاہی ہلاک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حملہ ایک اندازہ کے مطابق تقریباً 20 انتہائی مسلح دہشت گردوں نے کیا تھا جس کی قیادت پاکستانی فوج کے سپاہی کررہے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ اس حملہ کے نتیجہ میں ایک سپاہی زخمی بھی ہوا ہے۔ لوک سبھا میں اس حملہ پر ایک بیان دیتے ہوئے وزیر دفاع اے کے انٹونی نے تاہم کہاکہ یہ حملہ دہشت گردوں کی جانب سے کیا گیا تھا اور ان کے ساتھ وہ افراد تھے جنہوں نے پاکستانی فوجی یونیفارم زیب تن کر رکھاتھا۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ ہندوستان کی جانب سے تمام ایسے اقدامات کئے جائیں گے جن کے نتیجہ میں خط قبضہ کا تقدس برقرار رہے۔ انہوں نے بعدازاں راجیہ سبھا میں مباحث کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ نئی دہلی کا جو ردعمل ہوگا ہو پاکستان کی جانب سے ملنے والے اشاروں اور اس کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کے مطابق ہوگا۔ وزیر دفاع نے اس بلا اشتعال کی گئی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایوان کو یہ تیقن دینا چاہتے ہیں کہ ہندوستانی فوج تمام ضروری اقدامات کرنے اور حقیقی خط قبضہ کا تقدس برقرار رکھنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ علاوہ ازیں نئی دہلی میں پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر مسٹر منصور احمد خان کو آج ساؤتھ بلاک میں طلب کرتے ہوئے ہندوستانی سپاہیوں کی ہلاکت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ ذرائع نے کہاکہ وزارت امور خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری رویندرا ٹنڈن نے پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر منصور احمد خان کو ساؤتھ بلاک میں طلب کیا اور سخت لب و لہجہ پر طبی سفارتی پیغام پہنچایا گیا۔ اس دوران دہلی میں فوجی ذرائع نے بتایاکہ فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ نے اس حملہ کے بعص صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور امکان ہے کہ وہ بہت جلد پونچھ کا دورہ کریں گے۔

اسلام آباد۔
پاکستان نے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے پار فائرنگ میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے اور کہاکہ وہ 2003ء میں طئے جنگ بندی سمجھوتہ کا پابند ہے۔ سرحد پار سے فائرنگ کے تازہ ترین واقعہ میں ہندوستان کے 5 سپاہی ہلاک ہوگئے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز چودھری نے کہاکہ ’پاکستان 2003ء میں طئے شدہ جنگ بندی سمجھوتہ کا پابند ہے جو اعتماد سازی کے اقدامات کیلئے نمایاں اہمیت کا حامل ہے اور اس کا مکمل احترام کیا جانا چاہئے‘۔ مزید براں اسلام آباد نے موجودہ فوجی میکانزمس کو مزید مستحکم بنانے اور اس کی مکمل پابندی پر زور دیا تاکہ فضاکو مکدر بنانے کے خطرات میں اضافہ کرنے والی اس قسم کی نامناسب چیزوں سے گریز کو یقینی بنایا جاسکے۔ قبل ازیں ایک پاکستانی فوجی نے پی ٹی آئی سے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

Pakistan troops kill 5 jawans after intruding 400 metres into India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں