15/جولائی لکھنؤ پی۔ٹی۔آئی
حکومت اترپردیش نے آج وارننگ دی ہے کہ بعض عناصر ریاست کے چند مقامات پر کشیدگی پیداکرتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو درہم برہم کرسکتے ہیں اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ضلعوں میں امن وقانون کی برقراری کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے۔ اترپردیش کے چیف سکریٹری جاوید عثمانی نے کہاکہ "حکومت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ بعض عناصر چند مقامات پر کشیدگی پیدا کرنے کے درپے ہیں جس سے امن و قانون اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی صورتحال متاثر ہوسکتی ہے"۔ مسٹر عثمانی نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں ۔انہوں نے وارننگ دی کہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت و تساہلی کے مرتکب پائے جانے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ "کسی بھی سطح پر غفلت و تساہل کے مرتکب افسران کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی"۔ مسٹر جاوید عثمانی نے ریڈیو گرام کے ذریعہ جاری کردہ ضروری ہدایات میں تمام ڈویژنل کمشنر، زونل انسپکٹرس جنرل، ڈی آئی جی اور ضلع مجسٹریٹ کے علاوہ اسپیشل سپرنٹنڈنٹس پولیس اور پولیس سپرنٹنڈنس کو ہدایت کی ہے کہ وہ بہر قیمت فرقہ وارانہ امن و ہم آہنگی کوبرقرار رکھیں۔ مسٹر عثمانی نے یہ ہدایت بھی کی کہ ضلعی سطحوں پر تمام حساس مقامات جہاں ماضی میں فرقہ وارانہ تنازعات کی تاریخ رہی ہے کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے ایسے شر پسند عناصر کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے جو فرقہ وارانہ فضاء کو مکد کرسکتے ہیں۔ ایسے عناصر کی تمام سرگرمیوں اور نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت پر زوردیا۔ مسٹر عثمانی نے کہاکہ شر پسند عناصر کی فہرست پر وقفہ وقفہ سے نظر ثانی کی جانی چاہئے۔ چیف سکریٹری نے محکمہ داخلہ سے کہاہے کہ اس ضمن میں پہلے ہی رہنما خطوط جاری کئے جاچکے ہیں جن پر سختی کے ساتھ عمل آوری کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں