گوپی چند نارنگ کو کسمانجلی ساہتیہ سمان - 2013 اعزاز کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-16

گوپی چند نارنگ کو کسمانجلی ساہتیہ سمان - 2013 اعزاز کا اعلان

ممتاز نقاد، دانشور، محقق اوراسکالر پروفیسر گوپی چند نارنگ کو کسما نجلی فاونڈیشن نے اپنا پروقار ’کسما نجلی ساہتیہ سمان 2013، دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ایوارڈ 2لاکھ 50ہزار روپئے نقد، شال اور مومنٹو پر مشتمل ہے۔ پروفیسر نارنگ کو یہ اعزاز وزیراعلیٰ شیلا ڈکشت کے ہاتھوں یکم اگست کوانڈیا نیشنل سنٹر میں منعقد ایک پروقار تقریب کے دوران دیاجائے گا۔ اس سال ہندی کا یہ ایوارڈ ممتاز ادیب شری رمیش دو کو ان کی کتاب "کھیل گرو" کیلئے دیا جائے گا۔ جیوری برائے اردو ایوارڈ میٹنگ کی صدارت معروف فکشن نگار سید محمد اشرف نے کی جس میں پروفیسر گوپی چند نارنگ کے نام کا فیصلہ ہوا۔ یکم جولائی کو منعقد کسمانجلی فاونڈیشن گورننگ بورڈ کی میٹنگ کی صدارت سشیل انسل نے کی اور جس میں پروفیسر سید شاہد مہدی، محترمہ کسم انسل، ارچنا لوتھر اور ڈاکٹر ایچ کے کول نے بطور اراکین شرکت کی۔ اس میٹنگ میں ایوارڈ کمیٹی کے فیصلے کو منظوری دی گئی اور پروفیسر گوپی چند نارنگ کو کسمانجلی ساہتیہ سمان دینے کا فیصلہ کیاگیا۔ اس سمان کیلئے پروفیسر گوپی چند نارنگ کا انتخابات ان کی شہر آفاق تصنیف "فکشن شعریات: تشکیل و تنقید" کیلئے کیا گیا ہے جس میں شامل مضامین سے تنقید میں فکشن شعریات یا بیانیات یا فکشن کی گرامر کی نئی گزر گاہیں روشن ہوتی ہیں۔ یہ کتاب ادبی فکر اور تنقیدی سفر میں نشان راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کتاب سے اردو میں فکشن تنقید کا باضابطہ ڈسکورس قائم ہوتا ہے اور اردو میں مروجہ فکشن تنقید کی نارسائیوں اور حدود بھی واضح ہوتی ہیں۔ نیز یہ کتاب فکشن کی شعریات اور بیانات کیلئے عالمی تناظر سے گہری واقفیت کو بھی آشکار کرتی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں