چاند نظر نہیں آیا - ہندوستان میں ماہ رمضان کا جمعرات سے آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-10

چاند نظر نہیں آیا - ہندوستان میں ماہ رمضان کا جمعرات سے آغاز

ہندوستان بھر میں (سوائے کیرالا کے) ماہ رمضان المبارک کا 11جولائی جمعرات سے آغاز ہوگا۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں رویت ہلال کمیٹیوں نے آج اعلان کیا کہ چاند کہیں بھی نظر نہیں آیا لہذا 10 جولائی کو 30 شعبان قرار پائے گی اور 11جولائی رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔ ممبئی، دہلی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں رویت کمیٹیوں نے آج چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا ہے۔ نئی دہلی میں شاہی امام مسجد مولانا احمد بخاری نے اعلان کیا کہ ہندوستان میں جمعرات کو پہلا روزہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ آج کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ مہاراشٹرا میں صدر جمعےۃ العلماء مستقیم احسن اعظمی نے بتایاکہ لک بھر میں کہیں بھی آج چاند نظر آنے کی اطلاع نہیں ملی ہے لہذا یہ اعلان کیاجاتا ہے کہ 10 جولائی کو 30 شعبان ہوگی اور 11جولائی کو رمضان کا آغاز ہوگا۔ پٹنہ سے امتیاز رحمانی خانقاہ مونگیر نے کہاکہ سارے بہار یا کسی بھی پڑوسی ریاست میں چاند نظر آنے کی اطلاع نہیں ہے لہذا 11 جولائی کو رمضان کا آغاز ہوگا۔ کولکتہ میں مسجد ٹیپو سلطان کے امام مولانا برکتی نے اعلان کیا کہ ماہ رمضان المبارک کا آغاز11جولائی سے ہوگا اور کل 30 شعبان المعظم ہوگی۔ حیدرآباد میں بھی رویت ہلال کمیٹی نے آج چاند نظر نہ آنے اور 11جولائی سے رمضان کا اعلان کیا ہے۔ چینائی میں بھی شہر قاضی کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ آج ٹاملناڈو میں بھی کہیں چاند نظر آنے کی اطلاع نہیں ہے۔ گجرات میں بھی کہیں چاند نظر نہیں آیا۔ احمد آباد سے اطلاع ملی ہے کہ وہاں بھی 11 جولائی کو ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔ اس دوران تھروانتتا پورم سے ملی اطلاع کے بموجب مسلم علماء اور قائدین نے کیرال میں اعلان کردیا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چہارشنبہ 10جولائی سے آغاز ہوگا۔ کیرالا میں ہمیشہ سعودی عرب کے چاند سے رمضان کا آغاز اور عیدالفطر کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے رہنما پی حیدر علی شہاب تھنگل نے آج اعلان کیاکہ ریاست میں کل چہارشنبہ 10جولائی کو پہلا روزہ ہوگا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں