Saudi students’ first preference is Hyderabad- Dr. Ali Al –Shahri
سفارت خانہ مملکت سعودی عرب نئی دہلی میں متعینہ ثقافتی و تعلیمی قونصل ڈاکٹر محمد علی الشہری نے آج یہاں کہا کہ سعودی عرب کے طلباء حصول تعلیم کیلئے ہندوستان میں حیدرآباد شہر کو اپنی پہلی پسند قرار دیتے ہیں۔ ڈاکٹر علی الشہری آج ہوٹل تاج کرشنا بنجارہ ہلز میں اپنی جانب سے مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ ماہرین اور معززین شہر کے اعزازمیں ایک دعوت افطار کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر جناب زاہدعلی خان ایڈیٹر سیاست نے ڈاکٹر علی الشہری کی ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان ثقافتی و تعلیمی تعلقات میں مزید استحکام کے لئے انجام دی جانے والی خدمات پر مسرت کا اظہارکرتے ہوئے تاریخی چارمینار کا مومنٹو بطور تحفہ پیش کیا۔جبکہ مولانا پیر سید شبیر نقشبندی جو ہند۔ سعودی تعلقات کے استحکام میں گذشتہ 30 سال سے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، سعودی سفارتکار کو ایک مقدس تسبیح پیش کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید جہانگیر نے عربی میں ڈاکٹر علی الشہری کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ جناب زاہد علی خان جو اس محفل میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے، ڈاکٹر علی الشہری کو ادارہ سیاست کی جانب سے حیدرآباد میں تعلیم سعودی طلباء و طالبات کو اسپوکن انگلش کلاسس کا اہتمام کرنے کا پیشکش کیا جس کا ڈاکٹر علی الشہری نے خیرمقدم کرتے ہوئے اس خصوصی میں بہت جلد ادارہ سیاست سے مشاورت کرتے ہوئے روبہ عمل لانے کا اظہار کیا۔ سعودی سفارت کار نے کہاکہ حیدرآباد و دکن تہذیب و تعلیم کا گہوارہ ہے اور یہاں اعلیٰ تعلیم کا حصول بالخصوص سعودی طالبات کیلئے بہت ہی موزوں مقام ہے۔ اس تقریب میں ڈاکٹر خواجہ شاہد پر وائس چانسلر مولانا آزاد اردو یونیورسٹی، ڈائرکٹر دائرۃ المعارف ڈاکٹر مصطفی شریف کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں کے پروفیسرس اور اساتذہ موجود تھے۔ ڈاکٹر علی الشہری نے شہر میں مقیم سعودی طلباء سے ان کے تعلیمی مسائل پر بات چیت کی اور آخر میں انہوں نے مہمانوں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔ نماز مغرب باجماعت ادا کی گئی اور اس موقع پر خصوصی دعا کی گئی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں