تلنگانہ پر 12 جولائی کو دہلی میں قطعی فیصلے کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-10

تلنگانہ پر 12 جولائی کو دہلی میں قطعی فیصلے کا امکان

کانگریس کے اعلیٰ قائدین کا جمعہ کو دارالحکومت دہلی میں اجلاس ہونے والا ہے جس میں امکان ہے کہ تلنگانہ کے تعلق سے کوئی قطعی فصیلہ کیا جائے گا۔ اس امکان کے پیش نظر ریاستی دارالحکومت میں سرگرمیاں اچانک بڑھ گئی ہیں۔ کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھراپردیش امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے آج دہلی میں اشارہ دیا ہے کہ جمعہ 12جولائی کو ہونے والے کانگریس کور کمیٹی کے اجلاس میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کے مطالبہ پر کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ سمجھا جاتا ہے کہ مسٹر سنگھ نے آج شام چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی سے فون پر بات چیت کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ جمعہ کو "تیار" ہوکر دہلی پہونچیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر دامودر راج نرسمہا اور صدر پردیش کانگریس مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا کو بھی دہلی میں ہونے والے اہم ترین اجلاس کیلئے طلب کیا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اپنی آراء سے واقف کروائیں۔ تمام قائدین نے تینوں ہی علاقوں کے قائدین سے ملاقاتیں کرتے ہوئے اپنی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ کانگریس نے حالیہ وقتوں میں مسئلہ تلنگانہ کی یکسوئی کیلئے ذہن بنانا شروع کردیا ہے اور وہ مختلف تجاویز پر کام کررہی ہے۔ ایک تجویز علیحدہ ریاست کی تشکیل کی ہے تو دوسری تجویز رائل تلنگانہ کی تشکیل کی ہے۔ جبکہ تیسری تجویز کسی علیحدہ ریاست کی بجائے علاقہ تلنگانہ کیلئے ایک پیکیج کا اعلان کرنا بھی شامل ہے۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد حیدرآباد میں ایک سینئر وزیر نے ریمارک کیا کہ ہائی کمان نے اس تعلق سے فیصلہ کرلیا ہے اور اب صرف اس کا اعلان باقی ہے۔ دہلی میں رائل تلنگانہ کی تجویز پر رائلسیما جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مسٹر ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے رائل تلنگانہ کی تجویز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں کانگریس کے رکن راجیہ سبھا (تلنگانہ) مسٹر پی گوردھن ریڈی نے آج پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ تلنگانہ مسئلہ پر جلد کوئی فیصلہ کیا جائے۔ تلنگانہ کے کچھ دوسرے قائدین نے بھی مسٹر ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کی۔ امکان ہے کہ کانگریس کور گروپ اجلاس کے موقع پر پارٹی نائب صدر راہول گاندھی بھی چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر کرن کمار ریڈی سے ریاست کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ امکان ہے کہ مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا کو بھی اس اجلاس کیلئے طلب کیا جائے گا۔ کہا گیا ہے کہ رائلسیما و آندھرا کے وزراء پر عوامی دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے کہ وہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کی صورت میں اپنے عہدوں سے استعفیٰ پیش کردیں۔

Congress decision on Telangana likely on July 12

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں