نجیب جنگ - دہلی کے نئے لیفٹننٹ گورنر کی حیثیت سے حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-10

نجیب جنگ - دہلی کے نئے لیفٹننٹ گورنر کی حیثیت سے حلف برداری

نجیب جنگ، سابق آئی اے ایس عہدیدار نے آج دہلی کے نئے لیفٹنٹ گورنر کی حیثیت سے حلف لے لیا۔ دہلی ہائی کورٹ کے کارگذار چیف جسٹس بی ڈی احمد نے راج نواس میں منعقدہ تقریب میں 62 سالہ نجیب جنگ کو عہدہ راز داری کا حلف دلایا۔ اس تقریب میں چیف منسٹر دہلی شیلا ڈکشت، ان کے کابینی رفقاء اور حکومت دہلی کے اعلیٰ عہدیداروں ونیز پولیس افسروں نے شرکت کی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق وائس چانسلر جنگ نے ایک ایسے وقت حلف لیا ہے جب قومی دارالحکومت دہلی کو متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے جن میں خواتین کا تحفظ، غیر مجاز کالونیوں کو باقاعدہ بنانے کا کام اور بوسیدہ اسٹرکچر جیسے مسائل شامل ہیں۔ آج منعقدہ تقریب میں جنگ کے پیشرو تیجندر کھنہ نے شرکت نہیں کی۔ جنگ،1973ء بیاچ کے آئی اے ایس عہدیدار ہیں اور دہلی کے 19 ویں لیفٹنٹ گورنر ہیں۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے گذشتہ ان کا تقرر کیا تھا۔ دہلی میں اسمبلی انتخابات، 5ماہ میں منعقد ہونے والے ہیں۔ بحیثیت لفٹنٹ جنرل جنگ، دہلی پولیس اور دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی(ڈی ڈی اے) کے انچارج ہوں گے۔ علاوہ ازیں وہ حکومت دہلی کے انتظامی صدر بھی ہوں گے۔ اپنے تقرر کے بعد جنگ نے کہا تھا کہ وہ دہلی میں نظم و ضبط کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کے خلاف جرائم کو برداشت نہ کرنے کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ گذشتہ 16دسمبر کو دہلی میں ایک 23 سالہ لڑکی کی وحشیانہ عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کے بعد سابق لیفٹنٹ جنرل کھنہ پر تنقیدیں کی گئی تھیں۔ چیف منسٹر دہلی کے ساتھ کھنہ کے تعلقات بھی کچھ زیادہ ٹھیک نہیں تھے۔ کئی مسائل پر دونوں کے درمیان ان بن تھی۔ جنگ نے آج تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا اور کہاکہ وہ ایک ہفتہ بعد بات کریں گے۔ نجیب جنگ، 18؍جنوری 1951ء کو پیدا ہوئے۔ دہلی یونیورسٹی سے انہوں نے تاریخ میں پی جی کیا اور بعدمیں لندن اسکول آف اکنامکس سے سوشیل پالیسی اور منصوبہ بندی میں ایم اے کیا۔ وہ ،1973ء میں انڈین اڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) سے وابستہ ہوئے۔ حکومت مدھیہ پردیش میں خدمات انجام دیں اور کئی اہم عہدوں بشمول جوائنٹ سکریٹری مرکزی وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس پر فائز رہے۔ ادب کے دلدادہ نجیب جنگ نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) اور آکسفورڈ انسٹی ٹیوٹ فار انرجی اسٹیڈیز کیلئے بھی خدمات انجام دیں۔ وہ کئی کمیٹیوں کے رکن اور تعلیم و نیز حکمرانی سے متعلق مسائل سے نمٹنے کیلئے مرکز کے قائم کردہ خصوصی ٹاسک فورسس کے رکن بھی ہیں۔ وہ ، سنٹرل بورڈ، ریزرو بینک آف انڈیا کے ڈائرکٹر بھی رہے۔ وہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) کانپور کے رکن سنیٹ اور وزارت فروغ انسانی وسائل کی تشکیل کردہ کور کمیٹی کے صدرنشین بھی رہے۔ چیف منسٹر شیلا ڈکشت نے جنگ کے تقرر کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ "ہمیں ان سے بہت ساری توقعات وابستہ ہیں"۔

Najeeb Jung takes oath as lieutenant governor

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں