شمالی ہند میں رمضان کا استقبال - مساجد کی رونقوں میں اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-11

شمالی ہند میں رمضان کا استقبال - مساجد کی رونقوں میں اضافہ

نئی دہلی۔(آئی این این)
گذشتہ روز 29 کا چاند نظر نہ آنے سے یہ تو صاف ہوگیا تھا کہ روزہ اب کل (جمعرات) سے شروع ہوگا، مگر اس کے باوجود چاند دیکھنے کی سنت ادا کرنے کیلئے مسلم محلوں میں زبردست بھیڑ نطر آئی۔ آسمان صاف ہونے کی وجہہ سے دہلی میں عام رویت ہوئی۔ رمضان البمارک کے ایام کے مطابق ضروری اشیاء کی خریداری کیلئے بازاروں میں زبردست بھیڑ دیکھی گئی۔ کھجوروں، ٹوپیوں، مسواک اور دیگر ضروری اشیاء کی خریداری کیلئے جامع مسجد کے اطراف بستی حضرت نظام الدین میں مسلمانوں کاہجوم ہے۔ یہاں نہ صرف اہل علاقہ اپنی خریداری کررہے ہیں بلکہ جمنا پار اور دہلی کے سرحدی علاقوں سے بھی لوگ آئے ہوئے ہیں۔ بہار کے رہنے والے عبدالصمد جو کھجوروں کی دکان لگاتے ہیں نے بتایاکہ "میں برسوں سے کھجور کا کام کررہاہوں، مگر رمضان میں مجھے اﷲ تعالیٰ بہت برکت دیتاہے۔ دکاندار نے بتایاکہ مارکٹ میں فی الحال 70 روپئے کیلو سے 3000 روپئے کیلو کے کھجور بیچے جارہے ہیں۔ اس نے بتایاکہ سب سے مہنگے کھجور ہیں اجوا جبکہ سب سے سستے کھجور ہیں ایرانی کھجور۔ جبکہ مریم کھجور 3 طرح کے ہیں جو اپنی کوالیٹی کے حساب سے 70،120 اور 220 روپے تک کے بیچے جارہے ہیں۔ جبکہ قلمی (600روپئے کلو) ، سخاوی (550روپے کلو)اور دیگر کھجور بھی عمدہ ہیں۔

بارہ بنکی۔(ایس این بی)
آج شام رمضان المبارک کا چاند ہوتے ہی ہر طرف سے لوگوں کی مبارکباد کی صدائیں آنے گلیں، ساتھ ہی لوگ اپنے گھروں سے ماہ مبارک کی پہلی تراویح ادا کرنے کیلئے نکل پڑے۔ شہر کے بازاروں میں بھی تمام دن جاری رہنے والی بارش کے بعد بھی شام سے رونق آگئی، افطار و سحر کے سامانوں کی دکانیں برقی قمقموں سے جگمگانے لگیں۔ رحمتوں، برکتوں سے بھرا مہینہ بارگاہ ایزدی سے حاصل کرنے کیلئے بارگاہ معبود میں فرزندان توحید سربہ سجود ہوگئے۔ شہر کی خاص مساجد جامع مسجد، شاہی مسجد، مسجد یک منارہ، نوری مسجد، مسجد شتر خانہ، مسجد کارخانہ، پولیس چوکی کی مسجد، مسجد لائن پوروہ اور مسجد کچہری میں تو نمازیوں کے مجمع کا عالم یہ ہے کہ پوری مسجد بھر گئی اور لوگ باہر سڑکوں پر نمازادا کررہے ہیں۔ شہر کے مسلم اکثریت والے علاقوں بیگم، پولیس چوکی، سٹی بازار، پیروبٹاون میں رمضان المبارک کی رونق کچھ الگ ہی نظر آرہی ہے۔ یہاں افطار کا سامان خاص طورپر کھجوریں وہ بھی ایک سے ایک نایاب قسم کی معمولی قیمت سے اونچی قیمت پر دستیاب ہیں، اسی طرح مختلف قسم کے بسکٹ، بریڈ اور پاؤ وغیرہ بھی فروخت ہورہے ہیں۔ نگرپالیکا کے چےئرمین نے بھی آج ایک جلسہ کرکے ملازمین اور افسران کو سخت ہدایت دی کہ وہ روزہ داروں کو بجلی اور پانی مہیاکرانے کیلئے خصوصی توجہ دیں۔

Welcome Ramadan in North India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں