تلنگانہ پر فیصلہ کے لیے مزید وقت درکار - وزیر داخلہ شندے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-11

تلنگانہ پر فیصلہ کے لیے مزید وقت درکار - وزیر داخلہ شندے

علیحدہ ریاست تلنگانہ پر اتفاق رائے کیلئے مذاکرات جاری ہیں اور کانگریس ہائی کمان قطعی فیصلہ کرے گی لیکن اس کیلئے وقت درکار ہوگا۔ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ مسئلہ پر ماضی میں مذاکرات ہوچکے ہیں اور اسی طرح کا مشاورتی عمل اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تلنگانہ کے بارے میں فیصلہ کیلئے وقت درکار ہوگا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کانگریس کور گروپ کے اجلاس میں کیا اس مسئلہ پر فیصلہ کی توقع کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی فیصلہ سازی باڈی کے وہ تنہا رکن نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کور گروپ کے فیصلہ کے بایر میں وہ کس طرح اپنی رائے دے سکتے ہیں۔ انہوں نے قطعی فیصلہ ہائی کمان کا ہی ہوگا۔ ذرائع کے مطابق کانگریس کور گروپ کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہورہا ہے جس میں تلنگانہ جیسے پیچیدہ مسئلہ پر قطعی رائے دی جائے گی کیونکہ اس مسئلہ پر آندھراپردیش میں تمام سیاسی جماعتیں علاقائی خطوط پر منقسم ہیں۔ پارٹی جنرل سکریٹری و انچارج آندھراپردیش کانگریس امور ڈگ وجئے سنگھ نے اس ضمن میں تجاویز پہلے ہی صدر کانگریس سونیا گاندھی کو پیش کردی ہیں۔ کانگریس ترجمان رینوکا چودھری نے اس مسئلہ پر سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی تبصرہ قبل ازوقت ہوگا۔ وہ تلنگانہ کے بارے میں اپنی رائے ظاہر نہیں کریں گی کیونکہ ان کا تعلق بھی آندھراپردیش سے ہے۔ چنانچہ بہتر یہی ہے کہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جائے کیونکہ پارٹی کا فیصلہ سامنے آجائے گا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے قطعی فیصلہ کیا جارہا ہے تب انہوں نے فوری جواب دیا کہ اس بارے میں جواب دینے کا انہیں کوئی اختیار نہیں ہے۔

More time needed to decide on Telangana, says Shinde

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں