برطانیہ میں شدید گرمی سے عوام بےحال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-21

برطانیہ میں شدید گرمی سے عوام بےحال

UK heatwave 2013
برطانیہ میں گرمی کی شدت سیکڑوں افراد کی زندگی کو نگل گئی ہے جبکہ لاکھوں بزرگوں،بیماروں اور بچوں کی زندگی خطرے میں ہے۔ گذشتہ 10دنوں میں گرمی کی شدت سے 774 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ طبی ماہرین نے گرمی سے بچنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے بتایاکہ 2006 کے بعد پہلی مرتبہ برطانیہ میں درجہ حرارت مسلسل 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جارہا ہے۔ طبی ماہرین نے روزہ داروں کو بھی اس شدید موسم میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ مزید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے تیسرے درجے (لیول تھری) کی وارننگ جاری کردی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ آئندہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا جس کی وجہہ سے مریضوں کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ لیول تھری کی یہ وارننگ جنوب مشرق انگلینڈ اور لندن کیلئے جاری کی گئی ہے۔ ماہرین کہنا ہے کہ فی الحال اس بات کا امکان نہیں کہ چوتھے درجے (لیول فور) کی وارننگ جاری کی جائے تاہم اگردرجہ حرارت 30 اور 32 سے بڑھنا شروع ہوگیا تو چوتھے درجے (لیول فور) کی وارننگ بھی جاری کی جاسکتی ہے۔ جس سے نہ صرف مریض طبقہ بلکہ صحت مند افراد کی زندگی کو بھی گرم موسم سے خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ اس لئے لوگوں کو گرمی سے بچنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ برطانیہ کے کئی علاقوں میں دوسرے درجہ (لیول ٹو) کی بھی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ بیمار ہونے والوں کے حوالے سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی انگلینڈ اور لندن میں مسلسل 6 دن تک درجہ حرارت 30 ڈگری سنٹی گریڈ سے زیادہ رہنے کی وجہہ سے تیسرے درجہ (لیول تھری) کی وارننگ جاری کی گئی۔ ماہرین کے مطابق چند روز تک ان علاقوں میں درجہ حرارت 26سے 30ڈگری کے درمیان رہے گا جس کے بعد آئندہ ہفتے دوبارہ درجہ حرارت 30ڈگری سنٹی گریڈ سے اوپر چلا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق گرمی کی شدت سے انگلینڈ میں 9سے 19 جولائی کے دوران 774 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ جبکہ بعض سرکاری ذرائع کے مطابق گرمی سے 650افراد ہی ہلاک ہوئے ہیں۔ سخت موسم سے خبردار رکھنے والے پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی پروفیسر ورجینا مرے نے کہا ہے کہ گرمی سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ محکمہ صحت کیلئے انتہائی تشویشناک بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریض طبقے کے ساتھ ساتھ بزرگ اور بچوں کو گرمی میں سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر اینجی بون نے کہا کہ درجہ حرارت کا مسلسل بڑھنا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ گرمی سے سانس کی تکلیف ہوسکتی ہے، عورتوں اور طویل مدت سے بیماری میں مبتلا افراد کو موسم گرما سے بچنا چاہئے۔ دریں اثناء برطانوی ڈاکٹروں نے روزہ دار مسلمانوں کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی موسم کی شدت کی وجہہ سے خطرہ محسوس کرے تو وہ روزے نہ رکھے، خاص طورپر ذیابیطس، بلڈ پریشر اور دوسری بیماریوں میں مبتلا افراد کو اتنے طویل اور گرم دنوں میں روزوں سے اجتناب کرنا چاہئے۔

British residents on heatwave alert

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں