حیدرآباد کے بشمول 10 اضلاع پر مشتمل تلنگانہ تشکیل دیا جائے - پروفیسر کودنڈا رام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-02

حیدرآباد کے بشمول 10 اضلاع پر مشتمل تلنگانہ تشکیل دیا جائے - پروفیسر کودنڈا رام

تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر پروفیسر کودنڈا رام کی قیادت میں ایک وفد نے لیک ویو گیسٹ ہاوز پہنچ کر ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کی۔ حیدرآباد کے بشمول 10اضلاع پر مشتمل علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھراپردیش کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ آج دن میں مصروف رہے۔ تقریباً رات کے 10بجے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی۔ انہیں تلنگانہ ریاست کے مطالبہ کی تاریخ، علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک، طلبہ و نوجوانوں کی خودکشیوں، تعلیم، ملازمت، پانی کے علاوہ دوسرے شعبوں میں علاقہ تلنگانہ سے ہونے والی نا انصافیوں پر روشنی ڈالی ار 10 صفحات پر مشتمل ایک یادداشت پیش کی۔ ریاست میں تقریباً سیاسی جماعتوں بشمول کانگریس میں ضم ہونے والی پرجا راجیم کی جانب سے 2009ء کے عام انتخابات میں علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے وعدے سے انہیں واقف کرایا۔ قومی سطح پر تلنگانہ ریاست کی تائید کرنے والی جماعتوں کی فہرست سے انہیں واقف کراتے ہوئے حیدرآباد کے بشمول 10اضلاع پر علیحدہ ریاست تلنگانہ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ ڈگ وجئے سنگھ نے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی یادداشت پرہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودانڈا رام نے کہاکہ اگر علیحدہ ریاست تلنگانہ تشکیل نہیں دی گئی تو علاقہ تلنگانہ میں کانگریس کے خلاف احتجاجی مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک میں شدت پیدا کی جارہی ہے۔ چلو اسمبلی ریالی کامیاب ہونے کے بعد 4جولائی کو دہلی میں تلنگانہ پر ایک راونڈ ٹیبل اجلاس کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں مختلف قومی و علاقائی جماعتوں کے نمائندوں کو مدعو کرتے ہوئے انہیں مسائل سے واقف کراتے ہوئے علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے میں تعاون کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پارلیمنٹ میں بل پیش کرتے ہوئے اس کو فوری منظور کرانے کا ڈگ وجئے سنگھ سے بھی مطالبہ کیا گیا۔

Telangana should be constituted with 10 districts - Prof. Kodandaram

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں