راجیہ سبھا کی نشست 100 کروڑ روپے میں - کانگریسی قائد کا متنازع بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-30

راجیہ سبھا کی نشست 100 کروڑ روپے میں - کانگریسی قائد کا متنازع بیان

سینئر کانگریس قائد ویریندر سنگھ نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کردیا ہے کہ ایسے بھی لوگ ہیں جو راجیہ سبھا نشست کیلئے 100کروڑ روپے تک خرچ کرتے ہیں۔ ان کے ریمارکس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بی جے پی نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ اسے سودے بازی کرنے کی عادت ہے اور اس نے ملک میں سیاست کو اتنی نچلی سطح پر پہنچادیا ہے۔ جس کے بعد رکن راجیہ سبھا ویریندر سنگھ نے نقصان پر قابو پانے کی کوشش کی اور کہاکہ میڈیا میں ان کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ کانگریس قائد نے کل جند میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک مرتبہ مجھ سے کسی نے کہا تھا کہ راجیہ سبھا کا رکن بننے وہ 100 کروڑروپئے کا بجٹ رکھتے ہیں۔ بعدازاں جنب انہوں نے مصارف کا حساب کیا تو انہیں پتہ چلا کہ صرف 80کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں اور 20کروڑ بچ گئے ہیں۔ اب آپ سوچئے کہ ایک شخص جو 80 یا100کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے راجیہ سبھا کی رکنیت حاصل کرتا ہے، کیا وہ غریبوں کے بارے میں سوچے گا۔ ہر طرف سے نشانہ تنقیدبننے کے بعد ویریندر سنگھ نے کہاکہ میں نے بہت سادہ بات کہی تھی کہ ایک نئے سیاسی طبقہ کا رجحان پیدا ہوگیا ہے جہاں پیسے کی طاقت رکھنے والے زیادہ لوگ ہیں۔ وہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں داخل ہورہے ہیں اور میں نے ایک اخبار کے اعداد و شمار پیش کئے تھے۔ میں نے اس بات کا تذکرہ کیا تھا کہ 2009 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد اس اخباری اطلاع میں بعض اعداد و شمارپیش کئے گئے تھے کہ کامیابی حاصل کرنے والے 360 امیدوار کروڑ پتی ہیں اور ان میں سے تقریباً 18 ارب پتی ہیں۔ ویریندر سنگھ نے کہاکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارلیمانی جمہوریت میں پیسہ کی طاقت کس طرح اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ انہیں راجیہ سبھا کا رکن بننے میں کوئی دشواری پیش نہیں آتی کیونکہ اس عمر میں لوگ آسانی سے ایوان بالا میں داخل ہوسکتے ہیں۔

Rajya Sabha seat goes for Rs 100 crore: Congress MP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں