پاکستان کو قطر کی جانب سے ایل این جی سربراہ کرنے کا تیقن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-11

پاکستان کو قطر کی جانب سے ایل این جی سربراہ کرنے کا تیقن

قدرتی وسائل سے مالا مال ملک قطر نے پاکستان کو لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) انتہائی مناسب قیمت پر سربراہ کرنے کاتیقن دیا تاہم یہ شرط بھی عائد کردی کہ اسلام آباد اس کی وصولی کیلئے اپنے اخراجات سے ٹرمنلس تیار کرے۔ پنجاب کے چیف منسٹر اور وزیراعظم نواز شریف کے بھائی شہباز شریف تعطل کی شکار بات چیت کے احیاء کی کوشش کرنے دوحہ میں تھے۔ پاکستانی قائد اور ان کے وفد نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور وزیر صنعت و توانائی ڈاکٹر محمد بن صالح السعدہ کے علاوہ وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ عبداﷲ بن ناصر بن خلیفہ الثانی کے ساتھ ملاقات اور بات چیت کی۔ گلف ٹائمز نے یہ اطلاع دیتے ہوئے شہباز شریف کے حوالہ سے بتایاکہ معاہدہ کو حقیقت کا جامہ پہنانے کیلئے ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر کا انحصار پاکستانی قیادت پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر توانائی کے ساتھ ہامری تفصیلی بات چیت ہوئی۔ گفتگو کے دوران السعدہ نے کہاکہ گیس (ایل این جی) کے سربراہی اہمیت کی حامل ہے تاہم اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ پاکستان فوجی طورپر ایل این جی اسٹیشنس کی تعمیر کے اقدامات کرے۔ اخبار نے شہباز شریف کے حوالہ سے مزید بتایاکہ السعدہ نے ہمیں مستقل کے بجائے فلوٹنگ اسٹیشنس قائم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے وضاحت کی کہ مستقل اسٹیشن کے قیام میں کم ازکم دیڑھ سال کی مدت درکار ہوگی جبکہ فلوٹنگ اسٹیشنس کی تعمیر صرف6ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔ شہباز شریف نے کہاکہ ہمیں ہنگامی بنیادوں پر یہ کام جلد ازجلد مکمل کرنا ہوگا تاکہ عالمی ممالک کو یہ پیام ملے کہ ہم سنجیدہ ملک اور سنجیدہ خریدار ہیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس شاہد خاقان عباسی نے بتایاکہ پاکستان کو سالانہ 10 تا12 ملین ٹن گیس کی ضرورت ہے تاہم فی الحال صرف2ملین ٹن کی سربراہی پر بات چیت ہورہی ہے۔ توقع ہے کہ اس جانب پیش قدمی جلد ہوگی۔ پاکستان کی جانب سے فلوٹنگ اسٹیشن کی تعمیر کے ساتھ ہی اسلامی جمہوریہ کو عمان، امریکہ، آسٹریلیا اور تنزانیہ سے بھی گیس خریدنے کی سہولت نصیب ہوگی۔

Qatar asks Pakistan to build LNG terminals

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں