امن کا فروغ - فرقوں کی قید سے آزاد مسجد کا قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-21

امن کا فروغ - فرقوں کی قید سے آزاد مسجد کا قیام

Sect free mosque
پاکستان میں فرقوں کی قید سے آزاد ایک مسجد قائم کی گئی ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کا کسی فرقے سے نہیں بلکہ اسلام سے تعلق ہے۔ فرقہ وارانہ تشدد کے شکار پاکستان میں فرقہ فری مسجد کا انوکھا خیال ایک تاجر زاہد اقبال نے پیش کیا۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق وہ غیر جانبدار رہتے ہوئے امن کا فروغ چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ مسجد دارالحکومت اسلام آبادمیں تعمیر کی ہے۔ اس مسجد میں عبادت کیلئے کسی خاص فرقے سے تعلق ہونا ضروری نہیں ہے۔ اقبال کہتے ہیں کہ مختلف فرقوں کی جانب سے دباؤ کے باوجود انہوں نے کسی بھی فرقے کا لیبل لگانے سے انکار کیا ہے۔ مسجد کے باہر بڑے حروف میں تحریر ہے کہ اس مسجد کے دروازے فرقوں سے بالاتر ہر مسلمان کیلئے کھلے ہیں۔ پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد کے حالیہ بیشتر واقعات میں شیعہ مسلمانوں پر حملے شامل ہیں۔ امریکہ کے کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کے مطابق جنوری 2012ء سے جون 2013ء کے عرصے میں ایسے 77 حملے ہوئے جن میں 635 شیعہ مسلمان ہلاک اور 834 زخمی ہوئے۔ زاہد اقبال کا کہنا ہے کہ اسلام کے فرقوں کے مابین تنازع کی وجہ لا علمی ہے۔ انہوں نے اسلام کی حقیقت جاننے کیلئے مسیحوں اور یہودیوں سمیت تمام لوگوں کو مسجد میں آنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے یہ مسجد تعمیر کرنے کیلئے تقریباً 3لاکھ ڈالر جمع کئے اور اسے 2010ء میں کھول دیا تھا تاہم اس پر تعمیراتی کام تاحال جاری ہے۔ اقبال کہتے ہیں کہ انہیں مسجد کو رجسٹرڈ کروانے میں مشکل پیش آئی تھی۔ حکام کا کہنا تھا کہ کسی فرقے سے الحاق ہونا چاہئے۔ اس کے برعکس اسلام آباد میں مساجد کو رجسٹر کرنے والے محکمے کے سربراہ عامر علی کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی شرط نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ معاملے کی غیر معمولی نوعیت کی وجہہ سے ان کے محکمے کے نچلی سطح کے ملازمین نے یہ اعتراض اٹھایا ہوگا۔ اقبال بتاتے ہیں کہ اسلام آباد میں کم ازکم دیگر 3مساجد مزید ہیں جن کا کسی فرقے سے تعلق نہیں ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ سیکٹر ای۔ ۱۱ میں قائم ان کی مسجد مکمل اسلامی مرکز کے طورپر کام کررہی ہے جس میں خواتین کا علاحدہ حصہ ہے۔ اے پی کے مطابق اس مسجد میں جانے والے عبادت گذاروں میں سے بیشتر کا کہنا ہے کہ وہ انوکھے تصور کی وجہہ سے اس مسجد کا رخ نہیں کرتے بلکہ گھر سے قریب ہونے کی وجہہ سے وہ عبادت کیلئے وہاں آتے ہیں۔

Pakistan's first sect-free mosque calls for end to discrimination

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں