الطاف حسین کے خلاف کالا دھن اور تشدد بھڑکانے کے الزامات کی تحقیقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-12

الطاف حسین کے خلاف کالا دھن اور تشدد بھڑکانے کے الزامات کی تحقیقات

لندن میں میٹرو پولٹین پولیس نے بتایا ہے کہ متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ اور تشدد پر اکسانے کے الزامات کے تحت تحقیقات شروع کی جارہی ہیں۔ میٹرو پولٹین پولیس نے ایک تحریری جواب میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی رہائش گاہ اور دفتر پر چھاپوں اور قابل ذکر رقوم کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ تاہم پولیس کاکہنا ہے کہ اس سلسلے میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ لندن پولیس نے کہاکہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی کے یونٹ نے الطاف حسین کے دفتر پر پہلا چھاپہ 6دسمبر 2012ء کو پولیس اینڈ کریمنل ایویڈنس ایکٹ کے تحت مارا تھا جس کے دوران دفتر سے نقد رقم برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے اس رقم کے بارے میں مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ رقم پروسیڈ آف کرائم ایکٹ کے تحت قبضے میں لے لی گئی۔ پولیس نے 18 جون 2013ء کو شمالی لندن کے 2مکانات پر بھی چھاپہ مارا تھا۔ یہ چھاپہ پولیس اینڈکریمنل ایکٹ کی دفعہ 8 کے تحت مارا گیا اور پولیس کے مطابق اس میں قابل ذکر مقدار میں رقم قبضے میں لی گئی۔

London Police say Altaf Hussain under investigation: Report

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں