19/جولائی بیجنگ پی۔ٹی۔آئی
چین نے ہندوستان کی جانب سے ہند۔ چین سرحد پر اپنی فوج کی تعداد میں اضافہ کی تجویز کے تعلق سے محتاط انداز میں ردعمل کا اظہار کیا ہے جبکہ یہاں سرکاری میڈیا نے اس صورتحال کو نظر انداز کردیا۔ ہندوستان کے اس اقدام پر پی ٹی آئی کے ایک سوال کے جواب میں چین کی وزارت خارجہ نے اپنے تحریری جواب میں کہاکہ چین اور ہندوستانی حکومتوں نے سرحد کے علاقوں میں امن و استحکام کیلئے کئی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں اور فوجی معاملات پر اعتمادسازی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس مختصر سے جواب میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین سرحد کے علاقوں میں مجموعی صورتحال پر امن اور مستحکم ہے نیزچین امن و استحکام کی برقراری کیلئے ہندوستان کے ساتھ مل کر اقدامات کرنے کیلئے تیار ہے۔ مکتوب میں ہندوستانی حکومت کے متذکرہ فیصلہ پر راست طورپر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ ہندوستانی حکومت نے چہارشنبہ کو حقیقی خطہ قبضہ پر اپنی فوج کی تعداد میں اضافہ کرنے کی اجازت دے دی تھی جس کے تحت چین کی سرحد پر مزید 50ہزار فوجی متعین کئے جائیں گے۔ اس کیلئے 65,000 کروڑ روپئے خرچ ہوں گے۔ بہرحال ہندوستان کے اس فیصلہ کے تعلق سے چین میں سرکاری میڈیا میں اب تک کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ ہندوستان نے چین سے متصل سرحد پر فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب دونوں ممالک بارڈر ڈیفنس کوآپریشن اگریمنٹس (بی ڈی سی اے) پر اعلیٰ سطحی مذاکرات کررہے ہیں۔ اسی کے تحت وزیر دفاع اے کے انٹونی نے جاریہ ماہ کے اوائل میں بیجنگ کا دورہ کیا تھا جبکہ قومی سلامتی کے مشیر شیوشنکر مینن نے بھی 28 جون کو چین کا دورہ کرتے ہوئے اپنے ہم منصب وانگ جیاچی کے ساتھ سرحد کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے بات چیت کے 16ویں دور میں حصہ لیا۔ India to raise new corps for China border
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں