اترپردیس میں آئی۔ایس۔آئی ایجنٹ جعلی کرنسی کے ساتھ گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-27

اترپردیس میں آئی۔ایس۔آئی ایجنٹ جعلی کرنسی کے ساتھ گرفتار

اترپردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ( اے ٹی ایس) نے پاکستانی جاسوس ادارہ آئی ایس آئی کے ایک مشتبہ سرغنہ اور جعلی نوٹوں کے بڑے سربراہ کنندہ کو قیصر باغ، بس اسٹانڈ پر گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس (ضبط و قانون) ارون کمار نے کہاکہ "اے ٹی ایس نے عمران احمد تیلی عرف منا عرف آفتاب عرف سمیر کو بس اسٹانڈ پر گرفتار کرلیا جب وہ نیپال کے لوپیادیہات روانہ ہونے کیلئے بس میں سوار ہونے کا انتظار کررہا تھا"۔ انہوں نے کہاکہ "اس کے قبضہ سے 1000 روپئے کے 502 جعلی نوٹ ضبط کرلئے گئے جو ایک پاکستانی اخبار میں لپٹے ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں بس اور ریلوے ٹکٹ، دو ہوٹلوں کے بلز اور کئی سم کارڈس بھی اس کے قبضہ سے برآمد ہوئے ہیں"۔ پولیس کے مطابق عمران جو بہار کے مغربی علاقہ چمپارن کا ساکن ہے، 2006-07 ء میں مصالحہے جات کی تجارت کرنے والے اپنے بردار نسبتی اور چچا کی مدد کیلئے نیپال روانہ ہوا تھا لیکن کاروبار میں نقصان کے بعد بہار کے رتسول علاقہ میں ساجد انصاری سے اس کا ربط ہوا تھا جو جعلی نوٹوں کے کاروبار میں ملوث پایا گیاہے۔ بعدازاں وہ اس ریاکٹ کے بڑے سرغنوں کے ساتھ ہوگیا اور کھٹمنڈو اور بیرگنج کے درمیان ہنوستانی جعلی نوٹوں کو پھیلانے کے کاروبار میں ملوث ہوگیا لیکن اس کاروبار میں ملوث تمام افراد کے گرفتار ہوجانے کے بعد ملزم عمران کی ملاقات بیر گنج جیل میں اسلم پاکستانی سے ہوئی اور رہائی کے بعد وہ جعلی نوٹوں کا سب سے بڑا سربراہ کنندہ بن گیا۔ بعدازاں آئی ایس آئی اور جرائم کی دنیا کے سرغنوں سے بھی اس کے رابطے پیدا ہوگئے تھے۔ مسٹر ارون کمار کے مطابق عمران نے ہندوستانی مارکٹوں میں 15تا20 کروڑ جعلی نوٹ پھیلانے کا اعتراف کرلیا ہے۔

Suspected ISI agent arrested with fake currency notes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں