وادی کشمیر میں کرفیو کی برخاستگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-22

وادی کشمیر میں کرفیو کی برخاستگی

وادی کشمیر میں دو دنوں کے بعد کرفیو برخاست کردیا گیا جہاں رمبان ضلع میں فائرنگ کے واقعہ کے خلاف احتجاج کیلئے علیحدگی پسندوں کی ہڑتال کے دوران تازہ جھڑپوں میں 26 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ رمبان واقعہ میں 4افرادہلاک ہوئے تھے۔ 18جولائی کے فائرنگ واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے مطالبہ کی تائید میں آج بند کے دوران جموں کے رمبان ضلع کی گول اور سنگلاوان شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایاکہ صورتحال قابو میں ہے اور جموں علاقہ سے آج کوئی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ریاست کے سری نگر، بڈگام، گاندر بل اور باندی پورہ اضلاع کے تمام حصوں میں اور شوپیان، پلوامہ، کلگام، اننت ناگ، بیج بہاڑ اور سوپور شہروں میں جمعہ کے روز کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ ہفتہ کے روز دوسرے دن بھی کرفیو جاری رہا تھا۔ خیال رہے کہ رام بن کے گل میں مبینہ طور سے بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوانوں کے ہاتھوں نمازیوں پر حملے کے بعد مقامی لوگوں نے بی ایس ایف کے کیمپ پر دھاوا بول دیا تھا۔ مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے بی ایس ایف کی مبینہ فائرنگ میں 4افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعہ سے ناراض لوگ وادی میں جگہ جگہ احتجاج و مظاہرے پر اتر آئے تھے جس کے بعد حکومت کو جمعہ کے روز یہاں کرفیو نافذ کرنا پڑا۔ بی ایس ایف کے ہاتھوں4افراد کی مبینہ ہلاکت اور کئی دوسرے افراد کے زخمی ہونے کی واردات کے بعد احتیاطی تدبیر کے طورپر سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں 19 جولائی جو کرفیو لگایا گیا تھا، آج سے اٹھالیاگیا۔

Curfew lifted in Kashmir Valley

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں