Mumbai hit-and-run case: Court to frame charges against Salman Khan
ممبئی کی ایک عدالت نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے خلاف ٹکر دینے اور فرار ہوجانے کے ایک معاملہ میں فرد جرم عائد کی ہے اور اس طرح اب مقدمہ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جس میں اگر سلمان خان قصور وار پائے گئے تو انہیں 10سال کی سزائے قید ہوسکتی ہے۔ ان پر تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں موٹر وہیکلس ایکٹ کی خلاف ورزی بھی شامل ہے۔ سلمان خان نے البتہ ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور ٹھہرایا۔ سلمان خان آج سیشن ججی یو بی جیحب کے اجلاس پر حاضر ہوئے جنہوں نے 19 جولائی کو سلمان خان کو عدالت میں حاضر ہونے کا سمن جاری کیا تھا۔ قارئین کو یاد ہوگا کہ آج سے 11سال قبل ممبئی کے باندرہ علاقہ میں یہ حادثہ پیش آیا تھا۔ سلمان خان نے اس دوران عدالت کو مقدمہ کی سماعت کے دوران شخصی طورپر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست داخل کی تھی جسے منظور کرلیا گیا لیکن یہ ہدایت بھی کی گئی کہ جب جب مقدمہ کی سماعت کے دوران ان کی ضرورت محسوس ہوگی تو انہیں شخصی طورپر حاضر ہونا پڑے گا۔ حالانکہ جج نے پہلے یہ کہا کہ ان کا چونکہ تبادلہ ہورہا ہے لہذا وہ سلمان پر فرد جرم عائد نہیں کرسکتے جس پر سلمان خان کے وکیل نے جج پر زور دیا کہ وہ آج ہی تمام الزامات عائد کرنے کے سلسلہ کو برخواست کردیں کیونکہ سلمان خان دو ماہ کیلئے بیرون ملک جارہے ہیں جس سے مقدمہ مزید تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے جس پر جج نے سلمان خان پر عائد تمام الزامات کو پڑھ کر سنایا، سلمان نے ان تمام الزامات سے انکار کیا۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں