دلسکھ نگر بم دھماکے - تحقیقات میں اہم کامیابی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-03

دلسکھ نگر بم دھماکے - تحقیقات میں اہم کامیابی

ریاستی پولیس نے 21فروری کے دلسکھ نگر جڑواں بم دھماکوں کی تحقیقات میں اہم کامیابی حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی مدد سے خاطیوں کو بہت جلد گرفتار کرلے گی۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس وی دنیش ریڈی نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم انہیں جانتے ہیں جنہوں نے یہ دھماکے کئے اور ہم انہیں پکڑنے کے بے حد قریب ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ قومی تحقیقاتی ایجنسی بم دھماکوں کے مرتکبین سے واقف ہے۔ ہم ان پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور تمام باتیں راز میں رکھی گئی ہیں تاکہ ملزمین کو حیرت سے دوچار کردیا جائے۔ اس طرح ہمیں، انہیں گرفتار کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔ انہوں نے کاکہ ہمیں کامیابی مل چکی ہے، تاہم مقدمہ کے مفاد میں، میں سردست مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کرسکتا۔ جڑواں بم دھماکوں میں جو 100 میٹر کے فاصلہ سے پرہجوم مقامات پر کئے گئے تھے، 17افراد ہلاک اور 100 سے زائدزخمی ہوگئے تھے۔ ریاستی پولیس نے ابتدائی تحقیقات انجام دیں اور اس کے بعد قومی تحقیقاتی ایجنسی نے تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لی تھی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس وی دنیش ریڈیت نے کہا ہے کہ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال مکمل طورپر قابو میں ہے۔ محکمہ پولیس، پنچایت راج انتخابات کے پرامن اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ ریاست میں پنچایت راج انتخابات 7 سال کے بعد منعقدکئے جارہے ہیں اور آئندہ سال اسمبلی اور پارلیمنٹ کے عام انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ اس تناظر میں پنچایت راج انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے اور یہ انتخابات گرما گرم اور گروہواری اور جماعت واری رقابتوں کے درمیان منعقد ہونے کا خدشہ ہے۔

Clues Found in Dilsukhnagar Blasts: DGP Dinesh Reddy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں