Death toll in Bihar mid-day meal tragedy mounts to 16
بہار کے ضلع سرن میں واقع ایک سرکاری اسکول میں دوپہر کا کھانا (مڈڈے میل) کی وجہ سے 16 بچوں کی موت واقع ہوگئی اور دیگر کئی بیمار ہوگئے۔ یہ واقعہ دھرم ستی پرائمری اسکول، مسرکھ ضلع سرن میں پیش آیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق 8تا12 سال کی عمر کے تقریباً 80 طلبہ دوپہر میں کھچڑی کھانے کے بعد اچانک بیمار پڑگئے۔ انہیں مڈ ڈے میل میں یہ غذا فراہم کی گئی تھی۔ پولیس نے کہاکہ یہ کھچڑی چاول، دال اور سویا بین کو ملاکر پکائی گئی تھی۔ بیمار بچوں کو فوری چھاپرا صدر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں 16کو مردہ قرار دیاگیا۔ پولیس کے مطابق دیگر علاج جاری ہے۔ اس واقعہ کے فوری بعد چیف منسٹر نتیش کمار نے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ انہوں نے مہلوک بچوں کے ارکان خاندان کو فی کس 2لاکھ روپئے معاوضہ کا بھی اعلان کیا۔ اس رقم میں 1.5لاکھ روپئے ڈیزاسٹر منیجمنٹ فنڈ اور 50ہزارروپئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے دئیے جائیں گے۔ بچوں کی موت پر برہم ہزاروں افراد احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے مقامی پولیس اسٹیشن کا محاصرہ کرلیا تھا۔ وہ اسکول ٹیچرس اور ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے۔ اس دوران فارنسک ٹیم نے اسکول پہنچ کر سمیت غذا کے نمونے حاصل کرلئے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ چھاپرا اس لوک سبھا حلقہ میں شامل ہیں جس کی نمائندگی آرجے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کرتے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں