رمضان المبارک کے انتظامات - آندھرا پردیش ریاستی حکومت کی سہولیات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-05

رمضان المبارک کے انتظامات - آندھرا پردیش ریاستی حکومت کی سہولیات

چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج کہاکہ آنے والے رمضان اور بونال تقاریب کے دوران ریاست کے لاء اینڈ آرڈر کی برقراری ریاستی حکومت کی اولین ترجیحات ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ اس سال ماہ رمضان المبارک اور بونال تہوار ایک ساتھ منعقد ہورہے ہیں۔ اس لئے اس ماہ مقدس کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مکمل برقراری ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر نے تمام مذاہب، سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے سربراہوں اور قائدین سے تعاون کرنے کی خواہش کی۔ محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے بشمول تمام سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نے ان عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ماہ رمضان کے دوران پورے احترام کے ساتھ تمام تر اقدامات کئے جائیں تاکہ اس مبارک مہینہ کے دوران مسلمان پورے خشوع و خضوع کے ساتھ نمازیں اور دیگر عبادتیں ادا کرسکیں۔ چیف منسٹر نے ماہ رمضان کے انتظامات کیلئے 2.5کروڑ روپئے منظور کئے اور یہ ہدایت کی کہ یہ رقم پوری ریاست میں آندھراپردیش میں واقع تمام مساجد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے خرچ کئے جائیں۔ کرن کمار ریڈی نے چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی سے خواہش کی کہ وہ ریاست کے تمام اضلاع کے کلکٹرس کو ایک سرکولر روانہ کریں جس میں ان سے یہ خواہش کی جائے کہ آنے والے ماہ رمضان المبارک کے سلسلہ میں صلعی سطح پر رابطہ اجلاس منعقد کئے جائیں۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے محکمہ پولیس، بلدی نظم و نسق، محکمہ برقی، واٹر ورکس وغیرہ کو ہدایت دی کہ وہ ماہ رمضان کے دوران بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان کے دوران مسلم بھائی نماز اور روزوں کا خاص طورپر اہتمام کرتے ہیں اور اس دوران انہیں کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔ امکان ہے کہ ماہ صیام کا 10یا 11جولائی سے آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر نے آج اس سلسلہ میں جوبلی ہال میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمداحمد اﷲ، ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق ایم مہیدر ریڈی، ضلع رنگاریڈی کے انچارج وزیر ڈی سریدھر بابو، ارکان قانون ساز کونسل محمد علی شبیر، محمد فاروق حسین، محمد جانی، سٹی کمشنر پولیس انوراگ شرما، چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، صدرنشین اقلیتی کمیشن عابد رسول خان، صدرنشین وقف بورڈ سید غلام افضل بیابانی اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ارکان نے ماہ رمضان میں دکانات اور ہوٹلیں رات بھر کھلی رکھنے کی اجازت دینے اور ٹریفک پولیس کی جانب سے چھوٹے بیوپاریوں ٹھیلہ بنڈیوں اور فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں کو ہراساں نہ کرنے کی چیف منسٹر سے درخواست کی جس پر کمشنر پولیس انوراگ شرما نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ماہ رمضان میں سابق کی طرح اس سال بھی 15رمضان سے دکانیں، ہوٹلیں رات بھر کھلی رکھنے کی اجازت دینے کا تیقن دیا۔

Arrangements for Ramadan AP Govt Facilities

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں