ٹیلی کام شعبہ میں صد فیصد غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-17

ٹیلی کام شعبہ میں صد فیصد غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت

100 percent FDI in telecom sector
حکومت نے 13 شعبوں میں مزید غیر ملکی راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن میں حساس شعبہ جات جیسے ٹیلی کام اور ڈیفنس بھی شامل ہیں۔ ہندوستانی ٹیلی کام شعبہ میں ایف ڈی آئی کی حد کو 100فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے جبکہ دفاعی شعبہ میں 26فیصد تک ایف ڈیآئی کو فارن انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ (ایف آئی پی بی) اور 49 فیصد یا اس سے زائد کی صورت میں کابینہ کی منظوری ضروری ہوگی۔ دفاعی پیداوار کے شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حد کو 26فیصد سے بڑھاکر 49 فیصد کردیاگیاہے۔ ایسی کسی بھی تجویز کو ایف آئی پی بی تنقیح کے بعد منظوری دے گا جبکہ 49 فیصد یا اس سے زائد کی تجویز کیلئے کابینی کمیٹی برائے سلامتی کی منظوری لازمی ہوگی۔ وزیر کامرس آنند شرما نے آج نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہاکہ اس کا مقصد دفاعی شعبہ میں عصری ٹکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ آج یہ اہم معاشی فیصلے اس وقت کے گئے جب ڈپارٹمنٹ آف انڈسٹریل پالیسی اینڈ پروموشن کے سکریٹری سورب چندرا نے وزیراعظم منموہن سنگھ کے روبرو پریزنٹیشن دیا۔ اس موقع پر وزیر فینانس پی چدمبرم، مملکتی وزیر توانائی جیوتر آدتیہ سندھیا، وزیر تغدیہ کے وی تھامس اور وزیر کامرس آنند شرما کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے سکریٹریز بھی موجود تھے۔ آنند شرما نے کہاکہ ہم نے ملک کے معاشی موقف کا جائزہ لیا اور یہ اہم فیصلے کئے گئے۔ انہوں نے بتایاکہ تمام شعبوں سے متعلق وزارتوں اور حصہ داروں سے تفصیلی مشاورت کے بعد ہی یہ فیصلے کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ آج ہی معاشی ابتر صورتحال کے باوجود ہندوستان سرمایہ کاری کیلئے پسندیدہ مقام ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ایف ڈی آئی کے معاملہ میں ہمارا مظاہرہ گذشتہ سال سے اچھا رہا۔ وزیر کامرس نے کہاکہ پٹرولیم اور نیچرل گیاس کے شعبہ میں مرکز نے سرمایہ کاری کے طریقہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس شعبہ میں ایف ڈی آئی کی حد 49 فیصد ہی رہے گی۔ انشورنس شعبہ میں ایف ڈی آئی کی حد کو 26فیصد سے بڑھاکر 49فیصد کیا گیا ہے۔ حکومت نے میڈیا جیسے حساس شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حد میں اضافہ کے تعلق سے فیصلہ ملتوی رکھا کیونکہ وزیر اطلاعات و نشریات نے اس معاملہ میں ٹرائی اور پریس کونسل سے مشورہ طلب کیا ہے۔ آنند شرما نے کہاکہ میڈیا کے تعلق سے ہم نے آج کے اجلاس میں غورخوص نہیں کیا ہے۔ میڈیا میں ایف ڈی آئی کی موجودہ حد 26 فیصد کو بڑھاکر 49 فیصد کرنے کی تجویز تھی۔

Government approves 100 percent FDI in telecom sector

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں