حکومت رنگناتھ مشرا کمیشن اور سچر کمیٹی رپورٹ کو نافذ کرے گی - گورنر کرناٹک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-04

حکومت رنگناتھ مشرا کمیشن اور سچر کمیٹی رپورٹ کو نافذ کرے گی - گورنر کرناٹک

کرناٹک میں کانگریس سرکار نے آج کہاکہ وہ اقلیتوں خاص کر مسلمانوں کے مفاد کیلئے جسٹس رنگناتھ مشرا اور جسٹس سچر کمیٹی میں کی گئی سفارشات کو نافذ کرے گی۔ اس میں اسکول، اعلیٰ تعلیم اور طبی خدمات تک ان کی پہنچ کو بڑھانا، اس کی نگرانی کرنا، منریگا میں ان کی حصہ داری کی حوصلہ افزائی کرنا اور بینک قرض ان تک پہنچانا شامل ہے۔ یہ بات آج گورنر ہنس راج بھردواج نے کہی۔ کانگریسی حکومت کے پہلے اجلاس سے مشترکہ اجلاس سے مشترکہ خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ یہ حکومت سرمایہ کاروں کو کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کی تمام ممکن کوششیں کرے گی۔ واضح رہے کہ 5مئی کے انتخابات کے بعد کانگریس 9سال کے وقفہ سے اقتدار میں لوٹ کر آئی ہے۔ گورنر ایچ آر بھردواج نے کہاکہ کرناٹک میں بڑی تعداد میں گھوٹالوں اور بدعنوانی کے کیسوں کے منظر عام پر آنے کے بعد اس ریاست کا وقار بہت پست ہوگیا تھا۔ سابقہ حکومت کے دوران سرکاری خزانے میں لوٹ مچی اور ترقیاتی کام بالکل ٹھپ پڑگیا جس کے نتیجہ میں حکمراں سیاسی پارٹیوں پر سے عوام کا اعتماد اٹھ گیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی بڑھتی ہوئی بے چینی کی وجہہ سے جمہوری روایتوں کو نقصان پہنچا۔ اب صاف ستھری اور جواب دہ حکومت یقینی بنانے کے عوام کا کھویا ہوا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ گورنر نے کہاکہ میری حکومت کا نقش موثر، کارگر اور صاف ستھری حکومت میں نظر آئے گا۔ انتظامیہ چست نہ ہوت وبدعنوانی کا راستہ از خود ہموار ہوجاتا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو مثبت رائے ملی ہے اور عوام نے جس طرح اسے 122 سیٹوں پر قابض کرایا ہے اس کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر بھردواج نے کہاکہ کرناٹک کے عوام نے تبدیلی کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ گورنر بھردواج نے کہاکہ میری حکومت عوام کے توقعات پر کھرا اترنے کے قول و قرار کی پابند ہے اور ان کی زندگی کے معیار میں نمایاں تبدیلی لاکر رہے گی۔ بھرواج نے سدا رمیا کی قیادت والی کانگریسی حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں کا خاکہ پیش کیا اور کہاکہ حکومت غریبوں کی مدد کرنے، بے سہارا لوگوں کا سہارا بننے، کمزور کی حفاظت کرنے اور سماجی بھید بھاؤ کے شکار لوگوں کو انصاف دینے کے قول پر اٹل رہے گی۔ ہمیں کرناٹک کی شوکت رفتہ اور کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کرنا ہے کیونکہ اسے ایک ایسی ریاست کی حیثیت سے جانا جاتا تھا جو سماجی اور ثقافتی رنگا رنگی کو تسلیم اور اس کا احترام کرتی ہے اور پرامن بقائے باہم کا ماحول فراہم کرتی ہے اور مختلف ثقافتوں کے لوگوں کے درمیان ہم آہنگی کا ماحول بناتی ہے۔ گورنر نے کہاکہ کانگریسی حکومت سماجی زمرات کے تحت ترقیاتی سیکٹروں کو برابر کی اہمیت دے گی۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی عدم استحکام اور بدعنوانی سے تعلق رکھنے والے کئی گھوٹالوں کی وجہہ سے سرمایہ کاروں نے کرناٹک کو سرمایہ کاری کی پسندیدہ منزل کا تسلیم شدہ مقام دینے سے محروم رکھا ۔ اس کے علاوہ عالمی کساد بازاری میں بھی صنعتی ترقی کی رفتار سست کرنے میں ہاتھ بٹایا ہے۔ میری حکومت ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنے پر اٹل ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں