جگن - سبیتا اندرا ریڈی اور دیگر ملزمین سی۔بی۔آئی عدالت میں پیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-08

جگن - سبیتا اندرا ریڈی اور دیگر ملزمین سی۔بی۔آئی عدالت میں پیش

سابق وزیر داخلہ پی سبیتا اندرا ریڈی، صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی اور دیگر ملزمین جگن کے غیر محسوب اثاثوں کے مقدمہ میں آج خصوصی سی بی آئی عدالت میں حاضر ہوئے۔ عدالت نے جگن اور ان کے مالیاتی مشیر وی وجئے سائی ریڈی کی عدالتی تحویل میں 21جون تک توسیع دینے کے بعد معاملہ کی سماعت اسی تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے تمام ملزمین کو دوبارہ حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی۔ سی بی آئی نے 18 اپریل کو غیر محسوب اثاثوں کے مقدمہ کی 5ویں چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے ڈالمیا سمنٹ اور دیگر کمپنیوں پر الزام عائد کیاتھا کہ انہوں نے سرکاری مراعات کے بدلے جگن کے کاروبار میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی تھی۔ عدالت نے 14مئی کو اس وقت کی وزیر داخلہ پی سبتیا اندرا ریڈی کے بشمول تمام ملزمین کو اپنے روبرو آج حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔ عدالت کے حکم پرسبیتا اندرا ریڈی کے بشمول تمام ملزمین شخصی طورپر عدالت پہنچے۔ عدالت نے سبیتا اندرا ریڈی کے خلاف انسداد رشوت ستانی ایکٹ اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت عائد کردہ الزامات کا نوٹ لیا۔ واضح ہوکہ جگن اسکام کے مقدمہ میں داخل کردہ 5ویں چارج شیٹ میں سبیتا اندرا ریڈی کا نام بطور ملزم نمبر 4 شامل کیا گیا ہے۔ خصوصی سی بی آئی عدالت کے جج یودرگا پرساد نے سبیتا اندرا ریڈی، جگن اور دیگر ملزمین کو ہدایت دی کہ وہ مستقبل میں عدالت میں اپنی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے 25ہزار روپئے کے ایک شخصی مچلکہ کے ساتھ ساتھ اتنی ہی رقم پر مشتمل 2ضمانتیں عدالت میں داخل کریں۔ جگن، سردست چنچل گوڑہ جیل میں محروس ہے۔ ان کے ہمراہ وجئے سائی ریڈی کو بھی انتہائی سخت سکیورٹی میں جیل حکام نے عدالت میں پیش کیا۔ عدالتی کارروائی کا جیسے ہی آغاز ہوا چند افراد نے جگن حامی نعرہ بازی شروع کردی جس پر جج نے جگن کے وکیل کو یہ کہتے ہوئے انتباہ دیا کہ ان حرکتوں کے نتیجہ میں انہیں عدالت کی ہمدردی سے محروم ہونا پڑے گا۔ انہوں نے وکیل سے کہاکہ آپ ایسی حرکتوں کے ذریعہ عدالت کی ہمدردی کھودیں گے۔ اپنے آدمیوں سے کہئے کہ وہ کمرہ عدالت میں شائستگی سے پیش آئیں۔ قبل ازیں جگن کی ماں اور وائی ایس آر کانگریس کی رکن اسمبلی وجئے اماں، کمرہ عدالت میں اپنے بیٹے کو دیکھتے ہی روپڑیں۔جگن کو انہیں تسلی دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ عدالت نے جگن کو اپنی ماں، اہلیہ بھارتی اور دیگر خاندان سے متصل کمرہ میں تقریباً ایک گھنٹہ تک ملاقات اور بات چیت کی اجازت دی۔

DA case: Jagan, former Andhra minister Sabitha Reddy appear in court

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں