وفاقی محاذ کی تشکیل کی کوششیں شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-13

وفاقی محاذ کی تشکیل کی کوششیں شروع

وفاقی محاذ کی تشکیل کی جانب بڑھتے قدم کے طورپر آج بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ایلچی اور جنتادل (متحدہ) کے رہنما کے سی تیاگی نے یہاں مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقا ت کی۔ بعدازاں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ بنرجی نے کہاکہ انہوں نے وفاقی محاذ کی تشکیل کے سلسلے میں اڑیسہ کے وزیراعلیٰ نوین پٹنائنگ اور مسٹر نتیش کمار سے گفتگو کی ہے۔ ان کے مطابق مسٹر کمار کا بھی یہ خیال ہے کہ علاقائی پارٹیوں کو ایک وفاقی محاذ بنانا چاہئے۔ محترمہ بنرجی سے ملاقات سے پہلے مسٹر تیاگی نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ متحدہ ترقی پسند اتحاد(یوپی اے) اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) دونوں نے عوام کو مایوس کیا ہے۔ یوپی اے اور این ڈی اے دونوں ناکام رہے ہیں۔ بہار میں بی جے پی۔ جے ڈی(یو) اتحاد پر ازسر نو غور کرنے کے جنتادل (یو) کے لیڈروں کے اشاروں کے درمیان بھگوا پارٹی نے آج دعوی کیا کہ بہار میں اتحاد پوری طرح قائم ہے اور ریاست کے عوام نے این ڈی اے کو ووٹ دیا تھا صرف نتیش کمار یا بی جے پی کو نہیں۔ بی جے پی نے آج اس بات کی بھی وضاحت کردی کہ یہ اتحاد بہار میں عوام کے مفاد میں ہے اور لہذا این ڈی اے اپنے اتحاد کو توڑ کر انہیں مایوس نہیں کرے گا۔ بی جے پی کے ترجمان سید شاہنواز حسین نے نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ اگر ہم ساتھ رہیں گے تو حکومت کریں گے اور علیحدہ ہوگئے تو اس سے بہار کے عوام میں مایوسی پیدا ہوگی اور یہ ان کی امنگوں اور توقعات کے برعکس ہوگا۔ مسٹر حسین سے پوچھا گیا تھا کہ گجرات کے وزیراعلیٰ نریندر مودی کو ترقی دے کر بی جے پی الیکشن کمیٹی کی تشہیری مہم کا انچارج بنانے کے بعد بی جے پی کا جے ڈی یو کے تئیں کیا ردعمل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ این ڈی اے بہار کے 10.5کروڑ لوگوں کیلئے کام کرے گا اور یہ اتحاد بہتر حکمرانی کے حق میں ہے۔ بی جے پی کی خواہش ہے کہ اتحاد برقرار رہے۔ انہوں نے کہاکہ بہار کے لوگ چاہتے ہیں کہ یہ اتحاد برقرار رہے اور اس میں کسی طرح کی پھوٹ نہ پڑے۔ مسٹر شاہنواز حسین نے کہاکہ این ڈی اے حکومت بہار کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے۔ لوگ جمہوریت میں یقین کرتے ہیں۔ ہم ان کے احساس کی قدر کرتے ہیں۔ ہم ان کے جذبات کو مجروح نہیں کرتے۔ لوگ ہماری طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ مسٹر حسین نے کہاکہ قومی جمہوری اتحاد ریاست کے لوگوں کو مایوس نہیں کر ے گا۔ لوگوں نے این ڈی اے کی حمایت کی تھی صرف بی جے پی یا نتیش کمار کی نہیں۔ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ پارٹی اتحاد کو جاری رکھنے کے سلسلے میں جلد ہی کوئی فیصلہ کرے گی۔ جنتادل لیڈروں کی اکثریتی رائے ہے کہ اب اس اتحاد پر ازسر نو غور کیا جائے۔ جنتادل (یو) لیڈران سمجھتے ہیں کہ نریندر مودی کو بی جے پی الیکشن مہم کا انچارج بنانے کے بعد اب بی جے پی انہیں عام انتخابات میں وزیراعظم کے امیدوار کے طورپر پیش کرے گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں