امرناتھ یاترا کو کوئی خطرہ نہیں - وزیر اعلیٰ کشمیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-21

امرناتھ یاترا کو کوئی خطرہ نہیں - وزیر اعلیٰ کشمیر

سرینگر۔(پی ٹی آئی) وزیراعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداﷲ نے آج واضح کیا کہ جاریہ سال امرناتھ یاترا کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے اور میڈیا میں یاترا کو لاحق خطرے کی جو خبریں پیش کی جارہی ہیں وہ حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہاکہ حکومت یاترا کے دوران تمام احتیاطی اقدامات اور سکیورٹی کا خاطر خواہ انتظام کرے گی وہیں میڈیا کو بھی اپنے فرائض دیانتداری سے ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اخبارات میں امرناتھ یاترا کو لاحق خطرے سے متعلق سہ سرخیاں دی جارہی ہیں جو ایک غیر ذمہ دارانہ حرکت ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعلیٰ عمر عبداﷲ نے اپنے خیالات کا اظہار کرنے اس لئے مجبور ہوئے کہ حالیہ دنوں میں کئی اعلیٰ سطحی افسران بشمول وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے نے بھی امرناتھ یاترا کو لاحق خطرے کے بیانات دئیے تھے۔ اس موقع پر عمر عبداﷲ نے یونیفائیڈ کوارٹرس اجلاس کا بھی حوالہ دیا جس کی انہوں نے کل صدارت کی تھی اور اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی عہدیداروں نے انہیں بتایاکہ جاریہ سال امرناتھ یاترا کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے اور نہ ہی اس میں کوئی اضافہ ہوا ہے۔ عمر عبداﷲ نے کہاکہ انہوں نے عہدیداروں سے واضح طورپر صرف یہ سوال کیا تھا کہ وہ یہ بتائیں کہ امرناتھ یاترا کو جاریہ سال زیادہ خطرہ لاحق ہے یا گذشتہ سال زیادہ خطرہ تھا جس کا جواب انہوں نے نفی میں دیا یعنی جاریہ سال خطرہ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ یاد رہے کہ امرناتھ یاترا کے آغاز کو اب صرف 10روز باقی ہیں، وہیں مرکزی اور ریاستی حکومت نے انتباہ دیا تھا کہ دو ماہ تک جاری رہنے والی یاترا کو جاریہ سال عسکریت پسندوں سے خطرہ لاحق ہے اور یاتریوں کو تحفظ فراہم کرنے زائد فورسس کو تعینات کیا جائے گا۔ پیر کے روز ہندوستانی افواج کی جانب سے بھی امرناتھ یاترا کو دہشت گردوں سے لاحق خطرہ کا بیان جاری کیا گیا تھا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں